|

وقتِ اشاعت :   May 2 – 2017

کوئٹہ: قلعہ عبداللہ اور لورالائی سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔ پولیس نے ایک قاتل کو گرفتار کرلیا۔ لیویز کے مطابق لیویز کو اطلاع ملی تھی کہ قلعہ عبداللہ کے علاقے جنگل پیر علیزئی میں کلی نیکہ سے ملحقہ ندی میں ایک شخص کی لاش پڑی ہے۔ لیویز اطلاع پاکر موقع پر پہنچی اور لاش تحویل میں لیکر سول اسپتال میزئی اڈہ منتقل کردی۔ لاش کے سر پر گولی کا نشان ہے تاہم مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ۔لیویز کے مطابق موقع سے ایک ایرانی ساختہ موٹر سائیکل بھی ملی ہے جسے لیویز نے تحویل میں لے لیا ۔ادھر لورالائی کی تحصیل دکی کے علاقے ترکھان چینہ کلی ناخیل کے قریب ایک پرانی ندی سے پولیس کو ایک شخص کی لاش ملی ہے جسے تیز دھار آلے سے گلہ کاٹ کر قتل کیا گیا۔17سالہ مقتول کی شناخت رحمت اللہ ولد حبیب اللہ ناخیل کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے شک کی بناء پر تادین ولد محمد رحیم ناخیل کو گرفتار کرلیا جس نے دوران تفتیش اعتراف جرم بھی کرلیا۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل چاقو بھی برآمد کرلیا۔