|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2017

کوئٹہ : قومی احتساب بیورو (نیب )بلوچستان نے سابق چیئرمین پبلک سروس کمیشن محمداشرف مگسی ،ڈپٹی ڈائریکٹرز عبدالوحید اورنیاز کاکڑ سمیت دیگر 9ملزمان کے خلاف سپلیمنٹری ریفرنس دائر کردی جس پر احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب عبدالمجید ناصر نے سپلیمنٹری ریفرنس میں نامزد گرفتار اور برضمانت ملزمان کے علاوہ دیگر 6نامزد ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں ،گزشتہ روز نیب بلوچستان کی جانب سے سابق چیئرمین بلوچستان پبلک سروس کمیشن محمد اشرف مگسی ،سابق ڈپٹی ڈائریکٹرز عبدالوحید اور نیاز کاکڑ سمیت 9ملزمان اسد مگسی ،سجاد وحید ،عابدہ زہران ،عذراء مگسی ،شفیقہ اکبر اورمس مصباح فاطمہ کے خلاف سپلیمنٹری ریفرنس دائر کردی گئی جس میں نامزد ملزمان پر مختلف الزامات عائد کئے گئے تھے عدالت کے جج نے سپلیمنٹری ریفرنس پر گرفتار اور برضمانت ملزمان کے علاوہ دیگر 6ملزمان اسد مگسی ،سجاد وحید ،عابدہ زہران ،عذراء مگسی ،شفیقہ اکبر اورمس مصباح فاطمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے سماعت کو5مئی تک ملتوی کردیا ۔یاد رہے کہ بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین محمد اشرف مگسی ،سابق ڈپٹی ڈائریکٹرز عبدالوحید اور نیاز کاکڑ کے خلاف پہلے ہی نیب کی جانب سے عدالت ہذاء میں ایک ریفرنس دائر کی جاچکی تھی جن میں مذکورہ ملزمان پر الزام عائد کیا گیا تھاکہ انہوں نے ملی بھگت اور اقرباء پروری کی بنیاد پر مقابلے کے امتحانات میں مختلف امیدواروں کو پوزیشن ہولڈرز اور کامیاب قراردیکر ان کی مختلف محکموں میں تعیناتی کی سفارش کی تھی ۔اس سلسلے میں کیس کی سماعت کاسلسلہ جاری ہے تاہم گزشتہ روز نیب حکام نے سپلیمنٹری ریفرنس دائر کی جن میں پہلے ریفرنس میں نامزد ملزمان کے قریبی رشتہ داران کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔