|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2017

کو ئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ نامساعداور مشکل حالات کے باوجود محنت، لگن اور ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دینے والے صحافی قابل ستائش ہیں جو کسی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر اپنے قلم کی حرمت کو برقرار رکھتے ہوئے عوام تک اطلاعات کی رسائی ممکن بنا رہے ہیں، عالمی یوم صحافت کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں صحافی برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ شعبہ صحافت کو ریاست کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے اور کوئی بھی عمارت اس وقت تک مضبوطی سے قائم نہیں رہ سکتی جب تک اس کے چاروں ستوں مستحکم بنیادوں پر کھڑے نہ ہوں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ پاکستان میں صحافت آزادہے اور شعبہ صحافت مضبوط اور مستحکم بنیادوں پر استوار ہے اور ہمارے صحافی بھائی جرات اور بہادری کے ساتھ سچائی عوام تک پہنچا رہے ہیں ،ملک میں جمہوریت کو پروان چڑھانے اور جمہوری اداروں کو مستحکم بنانے میں بھی میڈیا کا اہم کردار ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح بلوچستان میں بھی کئی ایک نامور صحافیوں نے جنم لیا اور اپنی صلاحتیوں اور قلم کے طاقت کے ذریعے نیک نامی کمائی، بلوچستان کے باشعور صحافی علم و دانش اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، حکومت معاشرے کے سدھار میں صحافیوں کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان صحافیوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہیں پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید کیا گیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت ذرائع ابلاغ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتی ہے اور یہ امر باعث اطمینان ہے کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں، انہوں نے کہا کہ حامل صحافی گوں ناگوں مسائل کا شکار ہیں تاہم ان کی ذاتی طور پر ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ صحافیوں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں اور انہیں جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ کام کرنے کا بہتر ماحول مل سکے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے صحافیوں کے بہبود فنڈ کو بیس کروڑ روپے کرنے کا جو اعلان کیا تھا اس پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ خزانہ نے مطلوبہ فنڈز جاری کر دئیے ہیں، سانحہ سول ہسپتال کے شہید صحافیوں کے لواحقین کو معاوضوں کی ادائیگی جلد کر دی جائے گی جس میں خصوصی اضافہ بھی کیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو رہائشی کالونی کے لیے اراضی کی فراہمی کے وعدے کو بھی پورا کیا جائیگا اور صحافیوں کی مزید معاونت بھی کی جائے گی، تاکہ انہیں یکسوئی کے ساتھ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی جاری رکھنے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر ہر قدم پر صحافی برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور توقع ہے کہ میڈیا ہاؤسسز اور اخبار و چینل مالکان بھی اپنے اداروں میں کام کرنے والے عامل صحافیوں کو کام کرنے کا مثالی ماحول اور بہتر معاوضوں کی ادائیگی کو یقینی بنائے گے۔