|

وقتِ اشاعت :   May 6 – 2017

اسلام آباد: چیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں ادارے تباہ ہو رہے ہیں اور جب نجم سیٹھی جیسے لوگ اوپر بیٹھے ہوں تو ملک کیسے ترقی کرے گا۔ پشاور میں تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں ادارے تباہ ہو رہے ہیں، پاکستان اسٹیل پہلے 8 ارب روپےمنافع میں تھی لیکن اب پاکستان اسٹیل کو 3 ارب روپے خسارے کا سامنا ہے۔ ایک وقت ایسا تھا جب پی آئی اے دنیا کی 5 بہترین ہوائی کمپنیوں میں سے ایک تھی لیکن لگتا ہے وہاں بھی کوئی نجم سیٹھی جیسا شخص بیٹھا ہے، جب نجم سیٹھی جیسے لوگ اوپر بیٹھے ہوں تو ملک کیسے ترقی کرے گا۔ چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اللہ انسان کو عزت دیتا ہے، پیسوں سے عزت خریدی نہیں جا سکتی، زندگی میں وہی لوگ ترقی کرتے ہیں جن کے ارادے پختہ ہوں، انسانیت کے لیے کچھ کر جانے والے ہی دنیا میں یاد رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کبھی تو بھارت، ایران اور افغانستان سے معاملات ٹھیک ہوں گے، ہمسایہ ممالک سے تعلقات بہتر ہونے پر سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔