|

وقتِ اشاعت :   May 7 – 2017

کوئٹہ : جمہوری وطن پارٹی کے زیر اہتمام چوہدری نوید احمد، نوراللہ وطن دوست ، فرحاد بگٹی کی قیادت میں افغان بارڈر پر پاکستانی فورسز اور بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کے خلاف ہفتے کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے مظاہرین سے خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہا کہ افغان فورسز کی جانب سے چمن میں عوام پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کر کے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے سیکورٹی اہلکاروں سمیت 11 بے گناہ شہری شہید اور 4 اہلکاروں سمیت 43 شہری شدید زخمی ہوئے اور سینکڑوں مکانات اور عمارتوں کو نقصان پہنچا انہوں نے کہا ہے کہ ہم اس طرح کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کر تے ہیں جس سے بے گناہ شہریوں کے لئے مشکلات پیدا ہو تی انہوں نے کہا کہ ہم اس واقعہ میں شہید ہونیوالے افراد کے اہل خانہ کے اس غم میں برابر شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہے ملک کے فورسز اور اعلیٰ حکام نے جس طریقے سے معاملے کو برقت حل کرنے کے لئے جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے افغان حکومت اور فورسز کو پاکستان اور عوام کی جانب سے 30 سال تک افغان مہا جرین کی مہمان نوازی کا اس طرح صلہ نہیں دینا چا ہئے کے ہمارے ملک میں افغان باشندوں کو مہمان بنا کر رکھا لیکن فورسز کی جانب سے پاکستانی علاقے پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کر کے بے گناہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر ان کی زندگیوں سے کھیلنے کی کوشش کی گئی جس کی ہم مذمت کر تے ہیں مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کر تے ہوئے پرامن طورپر منتشر ہوگئے۔