کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے چمن میں افغان فورسز کی فائرنگ اور گولہ باری سے متاثر ہونے والے خاندانوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے معاوضوں کی ادائیگی کا اعلان کیا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی پالیسی کے مطابق شہداء کے لواحقین اور زخمیوں کو جلد از جلد معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبے کے عوام اور حکومت متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہیں اور حکومت متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی، اس حوالے سے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو موثر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔دریں اثناء ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے محمد طارق نے کہا ہے کہ چمن میں افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور بمباری سے ایک اندازے کے مطابق2 ہزار خاندان متاثر ہوئے ہیں واقعہ کے بعدوزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر 4 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا امدادی سامان چمن پہنچا دیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈی ایم اے کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیااس موقع پر ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے عطا ء اللہ مینگل ،فیصل نسیم پانیزئی، ڈپٹی ڈائریکٹر نوید شیخ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیصل طارق بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز افغان فورسز کی جانب سے چمن میں فائرنگ اور گولہ باری کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر پی ڈی ایم اے کی جانب سے سامان چمن منتقل کر نے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا اب تک محکمہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے 28 ٹرک پر مشتمل خیمے ، راشن ، کمبل اور دیگر سامان چمن پہنچا دیا گیا ہے جس کی مالیت 4 کروڑ روپے سے زائد ہے جو 2 ہزار خاندانوں کے لئے ہے بھیجے گئے سامان میں 2 ہزار ٹینٹ چینی کے50 کلو کے 300 تھیلے ،300 سلیپنگ بیگ،2 ہزار ہائی جینک کٹس،2000 مچھر دانیاں ، چاول کے25 کلو کے300 تھیلے ،115 کاٹن پر مشتمل برتن ،آٹے کے1100 تھیلے جبکہ2 ہزار فوڈ بیگ شامل ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے محکمہ پی ڈی ایم اے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر 5 کروڑ روپے کے فنڈ کا اجراء کیا گیا تھا جس سے سامان کی خریداری کی گئی تمام تر نامساعد حالات کے باوجود محکمہ پی ڈی ایم اے تمام مشکل حالات میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے کوشاں ہے انہوں نے بتایا کہ چمن میں میڈیکل ٹیمیں بھی پہنچ چکی ہے جو نہ صرف زخمیوں طبی امداددے گی بلکہ شدید زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کر نے میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں سامان سے متعلق جو بھی طلب کی اس کی ترسیل کر دی گئی تاہم مزید سامان کی طلب کی گئی تو اس کی فوری فراہمی کے لئے اقداما ت اٹھائے جائینگے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کا سروے کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جس پر کام شروع ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ٹینٹ موجود نہیں تھے فوری طور پر خرید کر متاثرین کے لئے سامان بھیجا ہے اس کے علاوہ پی ڈی ایم اے میں ریلیف کا سامان موجود ہے حکومت سے60 کروڑ روپے مانگے ہیں تاکہ مزید سامان خرید رکھ سکے تاکہ کسی بھی نا گہانی صورت میں فوری طور پر متاثرین کی مدد کی جا سکے۔