|

وقتِ اشاعت :   May 8 – 2017

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت میں موجودہ حالات کو کنٹرول کرنے کی اہلیت ہوتی توچمن بارڈ رپرعام شہری اور ایف سی اہلکار شہید نہ ہوتے موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات بنائے گی ،پارٹی کی صوبائی کابینہ کے مکمل ہونے کے بعد پارٹی قیادت کا شکر گزار ہوں اور ڈؤیژن کابینہ بھی ایک دو دن میں مکمل ہوجائے گی ۔یہ بات انہوں نے اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر نئے عہدیداروں کو مبارکباد دینے کیلئے آنے والوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی ، جان علی چنگیزی ، حفیظ الملک مینگل ، ربانی خلجی ، قاسم اچکزئی ،چوہدری شان سلامت اوردیگر بھی موجود تھے۔ حاجی علی مددجتک نے کہا کہ ملک مختلف بحرانوں سے دوچار ہے اوروفاقی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے کام نہیں کر رہی بلکہ شریف خاندان کو پانامہ کیس سے بچانے کیلئے دن رات لگی ہوئی ہے اس طرح ریاستیں نہیں چلتیں ریاستوں کو چلانے کیلئے حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کا کردار ہوناضروری ہوتا ہے چمن بارڈر پرجو صورتحال پیداہوئی اس سے یہ بات واضح ہوگئی کہ وفاقی اورصوبائی حکومتیں حالات کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے چمن بارڈر پر ایف سی اہلکار اورعام شہری شہید ہوئے جب سے حکومت بنی ہے اس دن سے لیکرآجتک افغانستان اورایران کے ساتھ تعلقات خراب ہیں ہمسایوں کے ساتھ ہرحال میں تعلقات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے معلوم نہیں کہ موجودہ حکومت کس کے ایجنڈے پرکام کر رہی ہے پیپلز پارٹی برسراقتدار آکر ہمسایہ ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو ایک مرتبہ پھر بہتر بنائے گی ۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی صوبائی کابینہ مکمل ہونے کے بعد صوبے بھر کادورہ کریں گے اور ناراض کارکنوں سے ملاقات کرکے انہیں واپس پارٹی میں لاکر پیپلز پارٹی کو فعال اور منظم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ مکمل ہونے کے بعد آئندہ ایک دو روز میں ڈؤیژن کابینہ بھی تشکیل دیدی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو صوبے بھر میں فعال اور منظم کیا جارہا ہے اورانشاء اللہ آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہے اوروفاق سمیت چاروں صوبوں میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی۔