کوئٹہ: پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن بلوچستان نے اپنے چارٹر آف ڈیماند کی منظوری کیلئے لانگ مارچ کے بعد خواتین پیرامیڈیکس نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کردیا ۔خواتین پیرامیڈیکس نے کہا کہ پیرامیڈیکل اسٹاف پہلی مرتبہ اپنے جائز حقوق کے حصول کی خاطر احتجاج پر ہیں مگر حکمرانوں کی بے حسی اور ہٹ دھرمی نے ہمیں مایوس کیا ہے خصوصاً لانگ مارچ کے شرکاء پر مستونگ کے قریب لاٹھی چارج اور خواتین کی چادر کی بے حرمتی قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے کیمپ کا آغاز حکمرانوں کو غیرت دلانے کیلئے ہے تاکہ پیرامیڈیکس کے جائز مطالبات کو جلد حل کیا جائے ۔انہو ں نے کہا کہ پیرامیڈیکس کے ممبران بلند حوصلے کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں اوراسوقت تک احتجاج سے دستبردار نہیں ہونگے جب تک حکومت نوٹیفکیشن جاری نہیں کرتی ۔دریں اثناء پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر طارق کدیزئی اور عبدالسلام زہری نے خواتین پیرامیڈیکس کی جانب سے پریس کلب کے سامنے لگائے گئے کیمپ کا دورہ کیا اور خواتین پیرامیڈیکس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیرامیڈیکس اپنے جائز مسائل کے حل کیلئے احتجاج پر ہیں اور مطالبات کی منظوری تک اپنی ہڑتال جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے بنائی گئی مذاکراتی کمیٹی کے ساتھ آج (پیر) کو دوبارہ مذاکرات ہونگے ۔