گوادر : گوادر میں لوگوں کو پینے کی صاف پانی کی فراہمی محکمہ پبلک ہیلتھ انجینرینگ اور صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور گوادر میں ممکنہ آبی بحران سے نمٹنے کے لئے مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار سیکریٹری محکمہ پبلک ہیلتھ انجئینرینگ قمبر دشتی نے پیر کے روز ایک اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمشنر مکران بشیر احمد بنگلزئی ،ڈپٹی کمشنر گوادر طفیل احمد بلوچ،ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گوادر شہر یار تاج ،رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی،بریگیڈیئر خرم شہزاد ،ایکسین پبلک ہیلتھ شکیل احمد بلوچ سمیت ضلعی صوبائی آفسران نے شرکت کی۔اجلاس میں گوادر میں ممکنہ آبی بحران سے نمٹنے کے لیئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مختلف تجاویز بھی پیش کئے گئے ہیں تاکہ ممکنہ آبی بحران سے نمٹا جاسکے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ لوگوں کو پینے کی صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے جلد از جلد ڈی سالینیشن پلانٹ کو فعال کرنے سمیت دیگر نئے پلانٹ بھی لگائے جائیں گے۔اس کے علاوہ گوادر کو ٹینکر کے زریعے میرانی ڈیم سے پانی کی فراہمی بھی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ سوڈ ڈیم پائپ لائن کی بچھائی کا کام پر بھی عمل درآمد شروع کی جارہی ہے۔