|

وقتِ اشاعت :   May 10 – 2017

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان اور نگزیب حق کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس متعقد ہوا جس میں سی پیک ، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ، خالی آسامیوں پر شفاف طریقے سے تعیناتیاں ، بجٹ کی تیاری سمیت دیگر امو ر کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے مل کرکام کریں گے اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کی شکل میں خوشحالی اور ترقی کا منصوبہ پاکستان میں معاشی انقلاب لائے گاجس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا اور اس کے ثمرات سے ہمارا صوبہ بھی فیضیاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبے شفاف طریقے سے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں تاکہ وقت اور رقم کا ضیاع نہ ہو۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے کے مختلف محکموں میں خالی آسامیوں پر میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیوں کا عمل مکمل کیا جائے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سفارش اور اقربا پروری کو خاطر میں نہ لایا جائے تاکہ حقدار کو ان کا حق مل سکے ۔ انہوں نے سیکرٹری خزانہ کو ہدایت کی کہ مالی سال 2017-18کی بجٹ کی تیاری کی رفتار تیز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن عبداللہ جان کی بحفاظت بازیابی کیلئے صوبائی حکومت نے موثر اقدامات اٹھائے ہیں جبکہ سدرن کمانڈ سے بھی اس بارے میں بات کی جائیگی اور جلد کسی نتیجے پر پہنچیں گے۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد عمر بابر نے پی ایس ڈی پی کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں 2293ترقیاتی اسکیموں جن میں جاری اور نئی اسکیمات شامل ہیں پر کام جاری ہے اور صوبے میں میگا پروجیکٹس جس میں پٹ فیڈر سے کوئٹہ شہر کو پانی کی فراہمی ، گرین بس سروس ، وزیر اعلیٰ کی ڈویژنل سطح پر ترقیاتی منصوبے بھی پی ایس ڈی پی کا حصہ ہیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیزکیا جائے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ اجلاس میں تمام انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔