کوئٹہ : کوہلو میں بارودی سرنگ دھماکے میں تین افراد زخمی ، اوستہ محمد سے تخریبی کارروائیوں میں ملوث تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ، اندرون بلوچستان سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد ، کالعدم تنظیم کے کیمپس تباہ کر دیئے گئے، سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ بم ناکارہ کیا گیا ، تفصیلات کے مطابق کوہلو میں مخماڑ کے قریب بارودی سرنگ دھماکہ جس کے نتیجے میں ڈرائیور شکل خان ولد عزیز خان سمیت دو افراد‘ رند ولد دلی جان اور حضوری ولد صرا حمد شدید زخمی ہوئے لیویز موقع پر پہنچ کرزخمیوں کوہسپتال منتقل کردیا اور علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی زخمیوں میں ڈرائیور شکل خان کی حالت تشویش ناک تھی زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ڈی جی خان ریفر کردیاہے،بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد سے جیکب آباد آنے والے لنک روڈ پر تاجا شاخ کے مقام پر چھاپا مار کارروائی کی گئی ، جس کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کرکے اْن کے قبضے سے 3 کلو بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 2 فروری 2015 کو نور واہ پْل کے نزدیک ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے میں ملوث تھے،جبکہ 28 جون کو جیکب آباد کی ڈسٹرکٹ جیل کے نزدیک ہونے والا بم دھماکا بھی انہوں نے ہی کیا تھا۔پولیس کے مطابق گرفتار افراد سے3کلوبارودی موادبرآمد ہوا ہے، ایک اور کارروائی میں ایف سی اور خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے چاغی کے پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقے برآمچہ میں مشترکہ کارروائی جس کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ برآمد شدہ اسلحہ میں ایک خود کش جیکٹ، 43دستی بم، 13راکٹ گولے، 5 بارودی سرنگیں،دو دیسی ساختہ بم، تین عدد لائٹ مشین گن، تین عدد کلاشنکف، ایک عدد روسی ساختہ مشین گن، ایک عدد راکٹ لانچر، تین عدد تھری ناٹ تھری رائفل، چھ عدد راکٹ لانچر کے چارجر اور دو عدد وائرلیس سیٹ کے علاوہ ہزاروں گولیاں شامل ہیں۔ سیکورٹی حکام کا دعویٰ ہے پکڑا جانے والا اسلحہ گولہ و بارود بھارت اور افغانستان کے خفیہ اداروں را اور این ڈی ایس کی طرف سے علیحدگی پسند تنظیم بی ایل ایف کو فراہم کیا جانا تھا۔ یہ اسلحہ بلوچستان میں حکومت اور فورسز اورع سی پیک کے پراجیکٹس کو نقصان پہنچانے کیلئے تخریبی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔ ادھر فورسز نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے سنگسیلہ اور ساڑتاف میں بھی کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے دو کیمپ تباہ کر دیئے۔ کارروائی کے دوران 72عدد مارٹر گولے ، راکٹ لانچر اور گولیاں برآمد کر لیں،بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مند سے تقریبا پینتیس کلو میٹر دور نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے دیسی ساختہ بم نصب کر رکھا تھا۔ سیکورٹی فورسز نے دوران گشت بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیا۔ پندرہ کلو وزنی بم کے علاوہ موقع سے پندرہ میٹر پرائما کارڈ بھی ملا۔