کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی بلوچستان کے عوام کو تخت رائیونڈ کی غلامی کے طوق سے نجات دلائے گی،حکومتِ بلوچستان عوام کے سامنے جوابدہ ہونے کے بجائے تخت رائیونڈ کے سامنے سرنگوں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوبلوچستان کے 8 اضلاع کے لئے پیپلزپارٹی کے عہدیداران کے بلاول ہاؤس میں ہونے والے انٹرویوز کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلوچستان کے اضلاع موسیٰ خیل، نصیر آباد، خضدار، زیارت، پشین، لورالائی، سبی اور لسبیلہ کے لیئے عہدیداران کے انٹرویوزلئے گئے۔ اس موقع پرپیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری اقبال شاہ، اطلاعات سیکرٹری سربلند خان جوگیزئی، سینیٹ کے سابق ڈپٹی چیئرمین میر صابر بلوچ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہی وہ واحد پارٹی ہے، جو بلوچستان کے عوام کو ان کے حقوق دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں پیپلزپارٹی بلوچستان سے کامیاب ہو کر صوبے میں حکومت بنائے گی۔ پیپلزپارٹی بلوچستان کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کی جانب سے ضلعی سطح کے ہرعہدے کے لیے تین نام تجویز کئے گئے تھے۔ پی پی پی چیئرمین، انٹرویوز مکمل ہونے اور اور دیگر قائدین سے مشاورت کے بعد ضلعی عہدیداران کے ناموں کی منظوری دیں گے۔