کو ئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی نے کہاہے کہ قلعہ عبداللہ میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اور سینیٹر داؤد خان اچکزئی کے خلاف ایف آئی آر صرف سیاسی مقاصد کیلئے درج کیا گیا ہے ،سپیکر بلوچستان اسمبلی نے جس طرح ایف آئی آر سے متعلق غیر جانبدارانکوائری کمیٹی بنانے کی ہدایت کی ہے اس پر مشکور ہیں ،انصاف کے تقاضوں کو پورا کیاجائے ،چمن واقعہ کے بعد ہمیں امید ہے کہ دونوں ممالک مستقبل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرینگے ،23مئی کو عوامی نیشنل پارٹی کے زیراہتمام پشتونوں اور محکوم اقوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے جلسہ ہوگا،پشتون عوام جلسے میں بھرپورشرکت کرے اور میڈیا بھی جلسے کی کوریج میں اپنا کرداراداکرے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری حاجی نظام الدین کاکڑ،سینئر نائب صدر ارباب عمر فاروق کاسی ،عثمان خان اچکزئی ،رشید خان ناصر ،اصغر علی ترین ،ملک نعیم بازئی سمیت دیگر پارٹی کے رہنماء بھی موجود تھے ،صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی نے کہاکہ پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی اور سینیٹر داؤد خان اچکزئی کے خلاف جس طرح ایف آئی آر درج کی گئی ہے دونوں کا اس قتل سے کوئی تعلق نہیں ہے اس طرح بڑے سانحے کے بعد دوست دوست اور دشمن دشمن کا کردارادا کرتاہے حکومت میں شامل ایک جماعت نے بھی دشمن جیسا کرداراداکیاہے انصاف کیلئے عدالتیں موجود ہیں اور ہمیں امید ہے کہ عدالتیں ہمیں انصاف فراہم کرینگے مگر افسوس کہ جب بھی عوامی نیشنل پارٹی کسی کارخیر میں مثبت کرداراداکرتی ہے تو مد مقابل مخالف جماعت منفی عزائم لیکر اس طرح ناروا عمل میں مصروف ہوتے ہیں قلعہ عبداللہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے خلاف جو کارروائی کی جارہی ہے وہ سب کے سامنے عیاں ہے اور جس طرح ایک قتل میں ایف آئی آر پارٹی رہنماؤں کے خلاف درج کی گئی ہے جس پر سپیکر بلوچستان اسمبلی نے غیر جانبدار تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیکر اچھا اقدام اٹھایا ہمیں معلوم ہے کہ اس وقت حکومت میں شامل جماعت کے کہنے پر سب کچھ ہورہاہے لیکن ہم تمام تر خدشات اورتحفظات کے باوجود غیر جانبدار تحقیقاتی کمیٹی پر اعتماد ہے اور اپنی بے گناہی ثابت کرینگے جس دن یہ واقعہ ہوا دونوں پارٹی رہنماء بلوچستان میں موجود نہیں تھے تو پھر کس طرح اس قتل میں ملوث ہوسکتے ہیں ،ضلع قلعہ عبداللہ قبائلی دشمنیوں کی وجہ سے پہلے ہی پسماندگی کاشکاررہی ہے اوردشمنیاں چل رہی ہے ان حالات میں سب کو اپنا کرداراداکرناہوگا اس وقت قلعہ عبداللہ جس حالات سے گزررہی ہے انتظامیہ نے بغیر تفتیش کے پارٹی رہنماؤں کے خلاف ایف آئی آر درج کی اس کی مذمت کرتے ہیں خدانخواستہ کل کسی اور کے خلاف اس طرح ایف آئی آر درج ہو تو یہ معاشرے میں اچھی روایت نہیں ہوگی جلتی پر تیل کا کام نہیں کرناچاہئے ،ایف آئی آر کو سیاسی مقاصد کیلئے کسی بھی صورت استعمال نہیں ہونے دینگے ،انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی کا 47سے لیکر اب تک عدالتوں پر اعتماد ہے ہم صرف اور صرف انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے پر امید رکھتے ہیں ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ چمن کا جو واقعہ ہوا یہ دو ریاستوں کے درمیان تھا اور دونوں طرف سے ہمیں ثالثی کا کرداراداکرنے کیلئے کہاگیا جس میں نے اپنی بساط کے مطابق کرداراداکیا دونوں عسکری وفوجی قیادت کامشکور ہیں کہ انہوں نے ہم پر اعتماد کااظہار کیا لوگ واپس گھروں کوگئے اور تعلیمی ادارے کھل گئے پرامن پاکستان کیلئے پرامن افغانستان چاہتے ہیں اور پرامن افغانستان کیلئے پرامن پاکستان کی استحکام چاہتے ہیں ،دشمن بدل جاتے ہیں لیکن ہمسایہ کبھی بھی نہیں بدلیں گے ،لاہور میں جس طرح واقعہ رونماء ہوا 35دن تک طورخم اور چمن بارڈر بند رہے اب کے واقعات کے بعد بھی بارڈر تاحال بند ہے اس کا فائدہ دشمن کو اور نقصان ہمیں ہوگا مجھے یقین ہے کہ اس واقعہ کے بعد دونوں ممالک سنجیدگی کامظاہرہ کرینگے ،انہوں نے کہاکہ 23مئی کو کوئٹہ میں عظیم الشان جلسہ عام ہوگا جس میں پشتونوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے پارٹی سربراہ اسفند یار ولی خصوصی خطاب کرینگے ۔