|

وقتِ اشاعت :   May 12 – 2017

اسلام آباد : پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ انڈونیشیاء کے سر کاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ نے کمانڈنٹ میرین کور میجر جنرل بامبینگ سوانٹونو (Bambang Suwantono)اورکمانڈنٹ ویسٹرن فلیٹ کمانڈ ریئر ایڈمرل آن کومیا(Aan Kumia) سے ملاقاتیں کیں۔ میرین بیس اور ویسٹرن فلیٹ کمانڈ ہیڈ کوارٹرز آمد پر ایڈمرل ذکا ء اللہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں اعزازی سلامی پیش کی گئی۔ کمانڈنٹ میرین کور میجر جنرل بامبینگ سوانٹونو سے ملاقات کے دوران بحری امن و استحکام، کولیشن میری ٹائم کمپین پلان، بحری قزاقی کی بیخ کنی کے آپریشنز، منشیات کی اسمگلنگ اور پاکستان اور انڈونیشیا کی بحری افواج کی مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیتوں کو مزید بڑھانے جیسے باہمی دلچسپی کے مختلف اُمور پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔پاک بحریہ کے سربراہ نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور عزم بالخصوص علاقائی بحری امن و استحکام میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی ۔ میجر جنرل بامبینگ سوانٹونو نے پاکستان اور انڈونیشیاء کے مابین مضبوط بنیادوں پر قائم تاریخی تعلقات کو سراہا اور خطے میں مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی کے قیام اور مختلف شعبہ جات میں انڈونیشیاء کی بحریہ کے ساتھ بھر پور تعاون کے سلسلے میں پاک بحریہ کے عزم اور کاوشوں کی تعریف کی۔بعد ازاں ، پاک بحریہ کے سربراہ نے کمانڈنٹ ویسٹرن فلیٹ کمانڈ،ریئر ایڈمرل آن کومیاسے ملاقات کی۔انڈونیشیاء کے شہر جکارتہ میں واقع ویسٹرن فلیٹ کمانڈ ہیڈ کوارٹرز پہنچے پر کمانڈنٹ فلیٹ کمانڈ نے ایڈمرل ذکاء اللہ کا پر تپاک استقبال کیا اوراس موقع پر انہیں ویسٹرن فلیٹ کمانڈ کے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ کمانڈنٹ ویسٹرن فلیٹ کمانڈسے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نیول چیف نے انڈونیشیاء کی بحریہ کے افسران اور جوانوں کے پیشہ ورانہ معیار اور عزم کی تعریف کی۔کمانڈنٹ ویسٹرن فلیٹ کمانڈ نے خطے میں بحری امن و استحکام کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اُٹھائے جانے والے اقدامات میں پاک بحریہ کے ہر اوّل کردار ،کارکردگی اور خدمات کو سراہا۔