|

وقتِ اشاعت :   May 14 – 2017

کو ئٹہ : اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے گوادر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے متعدد مزدوروں کے جاں بحق و زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کے اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا سامنا بزدل بے ضمیر اور شقی القلب دشمنوں سے ہے جن کے نزدیک انسانی جانوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور وہ چھپ کروار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر ایسی وحشیانہ حرکات کرنے والے عناصر کو یا درکھنا چاہئے کہ انہیں ان کے مذموم عزائم میں ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد آزادی کاڈھکوسلہ مزید نہیں چلنے دیا جائے گا اور نہ ہی غریب اور بے گناہ محنت کشوں کو مارنے سے آزادی مل سکتی ہے۔ یہ عناصر بالآخر اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کا خون ناحق بہانا نہ صرف ہماری روایات کے خلاف ہے بلکہ شرعی اور اخلاقی طور پر بھی ناجائز ہے جس کی اجازت دنیا کا کوئی مذہب اورمعاشرہ نہیں دیتا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت دہشتگردوں کے خاتمے کے اپنے عزم پرمضبوطی سے قائم ہے اورد ہشت گردوں کاان کی آخری پناہ گاہوں تک پیچھا کرتے ہوئے مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مکران میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے کمشنر مکران سے رپورٹ طلب کی ہے کہ مذکورہ منصوبے پر کام کرنے والے لوگوں کو سیکورٹی کیوں فراہم نہیں کی گئی ۔

اس کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی وزیراعلیٰ نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے مزدروں کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

دریں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے گوادر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے متعدد مزدوروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقعہ پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں گورنر نے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر ملک اور صوبے میں امن وامان کو سبوتاژ کرکے انتشار پھیلانا چاہتے ہیں تاکہ ترقی کے جاری عمل کو متاثر کیا جاسکے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی اتحاد و اتفاق سے دہشتگرد عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا جائے گا گورنر نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک غیر انسانی عمل ہے ۔

دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کے ساتھ اہنی ہاتھوں سے نمٹنا وقت کی اہم ضرورت ہے گورنر نے فائرنگ سے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔