|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ اور خضدار میں تین افراد کو قتل کر دیاگیا ، مارگٹ میں ایف سی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے میں تین ایف سی اہلکاروں سمیت دو افراد زخمی ہو ئے، سبی سے نامعلوم شخص کی نعش برآمد، نصیر آباد اور نال سے دو افراد کی نعش برآمد ۔

تفصیلا ت کے مطابق کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی دکان پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق تھانہ انڈسٹریل کی حدود میں کواری روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے بیٹریاں فروخت کرنیوالے ایک دکان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دکان کا مالک عطاء محمد ولد دل محمد نیازی سکنہ سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

فائرنگ کی زدمیں آکر دکان کے باہر بیٹھا سوزوکی ڈرائیور محمد ایوب ولد بلند خان محمد حسنی سر زخمی ہوگیا۔

لاش اور زخمی کو سول اسپتال کوئٹہ پہنچایا گیا۔ ڈاکٹرکے مطابق زخمی کو سر پر گولی لگی ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔ لاش ضابطے کی کارروائی کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ عطاء محمد کی موت سر میں گولیاں لگنے کی وجہ سے ہوئی۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے خول ملے ہیں۔

قتل کے محرکات کا علم نہیں ہوسکا تاہم پولیس نے ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے۔

کوئٹہ سے تقریباً60کلومیٹر دور مارگٹ کے علاقے میں ایف سی فرمان چیک پوسٹ کے قریب اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں سے ایف سی کی سڑک کی سرچنگ کرنیوالی ٹیم گزر رہی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں نائیک حق نواز ، سول ڈرائیور حبیب اللہ زخمی ہوگئے۔

دھماکا سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا ۔زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیا گیاجہاں حق نواز کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

انہیں سر اور جسم کے مختلف حصوں پر زخم آئے ہیں۔ خضدار کے علاقے نال میں محمد اسحاق ولد عبدالحئی سمالانی نے رشتے کے تنازع پر گھر میں گھس کر سیف اللہ ولد فقیر محمد سمالانی گلہ دبایا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔

ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ نال کے علاقے بدرنگ کے مقام پر نا معلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے کفایت اللہ نامی نوجوان جا ں بحق ہو گیا ۔

پہاڑی علاقہ سے آمدہ اطلاعات کے مطابق نال کے علاوہ علیشاہ لخ کے مقام پر لیویز کو ایک نعش ملی ہے جسے قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچایا جہاں ان کی شناخت سیف اللہ کے نام سے ہوئی جو مال مویشی چرانے والا بتایا جاتا ہے ۔

متعلقہ انتظامیہ دونوں واقعات کے متعلق تفتیش کر رہی ہے ۔سبی کے علاقے تلی میں ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد کر لی شناخت کیلئے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

صدپولیس تھانہ ڈیرہ مرادجمالی حدودمیں رحیم بخش بگٹی اتوارکے روز اپنے والدکے ہمراہ گھرجا رہے تھے کہ پہنورپل کے قریب دوموٹرسائیکلوں پر سوارچارنامعلوم مسلح افرادنے اسلحے کے زورپرنوجوان رحیم بخش بگٹی کو اغواکرکے لئے گئے ۔

مغوی کے ورثانے واقعے کی اطلاع صدرپولیس کو دے دی ہے پولیس مزید تفتیش کررہی ہے ۔