کو ئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ سی پیک کے تناظر میں جہاں بلوچستان عالمی سازشوں کا شکار ہے وہاں کرپشن کے عفریت اور وسائل کی لوٹ مار نے عام آدمی کو بنیادی حقوق و ضروریات سے دور کررکھا ہے ۔
پسماندگی کے باعث ترقی کے ثمرات سے بے بہرہ عام فرد احساس محرومیوں کی اتھا گہرائیوں میں دھنس رہا ہے دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ کی طرح کرپشن کے خلاف بھی قومی اداروں اور پوری قوم کو مل جل کر جدوجہد کرنی ہوگی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میٹروپولیٹن کوئٹہ میں پی ٹی آئی کے کونسلرز اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی مشاورتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا سردار رند نے کہا کہ ملک بھر میں کرپشن کے خلاف پی ٹی آئی کی فیصلہ کن تحریک سے کرپٹ عناصر کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں ۔
پی ٹی آئی نے باری باری کی سیاست کی چتھری تلے کرپشن کر نے والے عناصر کو بے نقاب کر کے پارلیمنٹ میں بیٹھے وائیٹ کالر کریمنلز کی حقیقت کو آشکار کیا ہے یہی وجہ ہے کہ کرپٹ ذہنیت کے حامی افراد اور جماعتیں پی ٹی آئی کے خلاف صف آرا ہو چکے ہیں ۔
انہوں نیکہا کہ کوئٹہ میں استعفیٰ دو گو نواز گو جلسہ عوام کی خواہشات کا آئینہ دار ثابت ہو گا قدرتی وسائل سے مالا مال صوبے کی غریب عوام آج بھی ایتھوپین جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں بلوچستان جہاں دہشت گردی سے شدید متاثر ہوا ہے ۔
وہاں کرپشن کے بڑی داستانیں بھی یہیں سے منسوب ہیں سردار رند نے پارٹی ذمہ داروں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ 19مئی کے جلسہ کوئٹہ کی کامیابی کے لئے بھر پور جدوجہد کریں اور جلسے سے متعلق عوام میں آگاہی کے لئے خصوصی دعوتی مہم چلائیں ۔
اس موقع پر سردار رند نے جلسہ کوئٹہ سے متعلق سینئر رہنماؤں سے مشاورت کی اور انتظامات سے متعلق تبادلہ خیال کیا جلسے سے متعلق قائم کمیٹیوں کے سربراہان نے سردار رند کو اپنی اپنی کارکردگی اور پیش رفت سے آگاہ کیا ۔
سردار رند نے تمام کمیٹیوں کے مابین موئثر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جلسہ کی کامیابی کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔