|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2017

 
 
 
کوئٹہ :  صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ نے گوادر میں بے گناہ مزدوروں کے قتل اور مستونگ میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل و ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری پر خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی قرار دیا ہے ۔
 
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ گوادر کی تعمیر ترقی میں حصہ میں مصروف غریب و نہتے مزدوروں کا قتل کسی بھی طرح درست اقدام نہیں ہے اس واقعہ میں ملوث عناصر انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔
 
انہوں نے مستونگ میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل و ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفورحیدری پر خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایسے واقعات کرکے بلوچستان اور پاکستان کو غیر مستحکم اور گوادر سی پیک منصوبے کو ناکام بنانا چاہتے ہیں ۔
 
لیکن دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے گوادر میں بے گناہ قتل ہونے والے مزدوروں اور دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔