|

وقتِ اشاعت :   May 15 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایف سی اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔

لیویز کے مطابق دھماکا کوئٹہ سے ملحقہ ضلع مستونگ کی تحصیل دشت کے علاقے اسپلنجی میں کنڈ مرؤ کے مقام پر ہوا ۔

جہاں ایف سی اہلکار سڑک کی تعمیر کرنیوالے مزدوروں کی حفاظت پر تعینات تھے۔ نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے نصب بم کے ذریعے ایف سی کی ڈبل ڈور پک اپ گاڑی کو نشانہ بنایا۔

دھماکے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار دو ایف سی نائیک نصیر احمد ،نائیک اجمل خان اور ایک سول ڈرائیور محمد حسین زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ تینوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

علاوہ ازیں پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب میں کلی سردہ کے مقام پر نامعلوم افراد نے رکشہ ڈرائیور محمد افضل ولد امداد بنگلزئی کو اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردی اور فرار ہوگئے۔

مقتول کی لاش سول اسپتال کوئٹہ پہنچائی گئی جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ 46 سالہ محمد افضل کو سر، سینے اور جسم کے مختلف حصوں میں سات گولیاں ماری گئی ہیں۔ قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

پولیس نے لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حولے کردی۔ مقتول کوئٹہ کے علاقے کلی جیو کرانی کا رہائشی تھا۔

ادھر اتوار کو کوئٹہ کے علاقے کواری روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا سوزکی ڈرائیور کلی دیبہ کوئٹہ کا رہائشی محمد ایوب ولد بلندخان محمد حسنی بھی دم توڑ گیا۔

وہ سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں شعبہ انتہائی نگہداشت میں زیر علاج تھے۔ فائرنگ کے واقعہ میں انہیں سر پر گولی لگی تھی۔ اس طرح کواری روڈ واقعہ میں جاں بحق افراد کی تعداد دو ہوگئی۔