|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2017

 لندن: برطانوی انتظامیہ نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والی پی آئی اے کی پرواز کے عملے کو کئی گھنٹوں تک حراست میں رکھ کر طیارے کی مکمل تلاشی لی ہے۔

 پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پر پہنچی، جہاز سے مسافروں کے اترنے کے بعد ائیرپورٹ انتظامیہ نے جہاز کے عملے کو حراست میں لے کر کئی گھنٹے تک تفتیش کی، ذرائع کے مطابق فلائیٹ کو خفیہ اطلاع پر روکا گیا تاہم تلاشی کے دوران عملے اور جہاز سے کچھ برآمد نہیں ہوا جس پر پرواز کو کلیئر کردیا گیا۔

پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور کا کہنا ہے کہ پولیس نے پائلٹ سمیت عملے کے 13 افراد کو حراست میں لیا تھا تاہم اب پی آئی اے کےعملے کو رہا کردیا گیا ہے جب کہ ہماری اکثر پروازوں کو تلاشی یا کسی اور بہانے سے تاخیر کا شکار کر دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے پی آئی اے کا شیڈول بری طرح متاثر ہوتا ہے، مالی نقصان کےعلاوہ بعض اوقات جرمانے بھی ادا کرنا پڑتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے حکام نے واقعے پر برطانوی حکام سے وضاحت طلب کر لی ہے، اس کے علاوہ لندن  میں پی آئی اے کے اسٹیشن منیجر ساجد اللہ سے واقعے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ واقعے پر پائلٹ حامد گردیزی کا مؤقف اور لاگ بک میں لکھے اپنے تاثرات سے آگاہ کیا جائے۔

دوسری جانب ترجمان برطانوی محکمہ داخلہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق پی آئی اے عملے کے خلاف کارروائی برطانوی بارڈر ایجنسی نے کی، قانون کے مطابق بارڈر ایجنسی براہ راست محکمہ داخلہ کو جوابدہ ہے، اس لیے ضابطے کے تحت معاملے کی تفصیلات طلب کی جا رہی ہیں۔