کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے ارکا ن پارلیمنٹ نے کہاکہ طلباء قوم کا مستقبل ہیں طلباء کے یونیورسٹی سے متعلق مسائل کوبلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں تحریک التواء کے ذریعے اٹھائیں گے۔
بلوچستان کے پسماندگی کی اصل وجہ تعلیم نہ ہوناہے ہماری کوشش رہی ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں تاکہ بلوچستان کو بھی دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابرلایا جاسکے۔
یہ بات صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ ، نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی ، نیشنل پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بلوچستان یونیورسٹی کے طلباء کی جانب سے لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں طلباء سے خطاب اورصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری عبدالخالق بلوچ ، نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر حاجی عطا محمد بنگلزئی ،جنرل سیکرٹری علی احمد لانگو اورسردارعاصم سرپرہ بھی موجودتھے۔ طلباء تنظیموں کے رہنماوں نے ارکان پارلیمنٹ کو اپنے مسائل سے تفصیلی آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ نے کہا کہ موجودہ حکومت جب برسراقتدار آئی تو بلوچستان یونیورسٹی کے پروفیسرزتنخواہوں کیلئے سڑکوں پر احتجاج کر رہے تھے جس پر اسوقت کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جامعہ بلوچستان کیلئے خصوصی پیکج کا اعلا کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کیلئے موجودہ مخلوط صوبائی حکومت نے تعلیم کے بجٹ میں کئی گناہ اضافہ کیا اورصوبے میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی اورہماری کوشش رہی ہے کہ بلوچستان کے ہر ضلع میں یونیورسٹی قائم کی جائے تاکہ نوجوان تعلیم حاصل کرکے بے راہ روی سے بچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں جسے ہم کسی صورت تباہ ہونے نہیں دیں گے جامعہ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام سے بات کریں گے اسکے علاوہ جامعہ بلوچستان کے مسائل کے حوالے سے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں تحریک التواء بھی لائیں گے کیونکہ یہ کسی کا ذاتی بلکہ یہ تعلیمی اداروں اورہمارے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کا مسئلہ نہیں ہے ۔
رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے کہا کہ بلوچستان کا شمار ملک کے پسماندہ ترین صوبے میں ہوتاہے جس کی بنیادی وجہ تعلیم سے دوری ہے اگرہم نے اپنے آپ کو ترقی یافتہ قوموں کی صف میں شامل کرنا ہے تو ہمیں نوجوانوں کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کرنا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان خوشی سے نہیں بلکہ مجبورہوکر احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں پارٹی کی صوبائی قیادت اور ارکان صوبائی اسمبلی جامعہ بلوچستان کی انتظامیہ اور دیگر سے مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالیں۔
نیشنل پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹرشمع اسحاق نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک جمہوریت پسندسیاسی جماعت ہے اورمسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے طلباء کے مسائل کے حل کیلئے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس سمیت ہر فورم پر آواز بلند کرینگے۔
بلوچستان یونیورسٹی سے متعلق طلباء کے مسائل اسمبلی اجلاس میں اٹھائیں گے ،نیشنل پارٹی
وقتِ اشاعت : May 17 – 2017