کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سرداریارمحمد رند نے کہاہے کہ نوجوان تبدیلی کامحورہیں تاہم حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کوبروئے کار لانے کے بجائے ضائع کررہی ہے ۔
آسامیوں پرمیرٹ کے بجائے پیسوں پربھرتی ہورہی ہے جسکی واضع بازگشت بلوچستان اسمبلی میں سنی جاسکتی ہے بلوچستان میگاکرپشن کیس کے اہم اوراس وقت کلیدی پوسٹ پرتعینات افسرکوپورے اعزازات کے ساتھ ریٹائرڈ کرکے دوسری منافع بخش پوسٹ پرتعینات کردیاگیاہے جبکہ دیگرمرکزی کرداروں کی بھی پردہ پوشی کی جارہی ہے ۔
پی ٹی آئی عوامی حقوق اوروسائل پرہاتھ صاف کرنے والوں کا پیچھاکرتی رہے گی اوران کوکیفرکردار تک پہنچاکردم لیں گے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں جلسہ 19 مئی کے انتظامات کے جائزہ کے موقع پرنوجوانوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سردار یارمحمد رند نے مقامی کھلاڑیوں کیلئے ذاتی جیب سے چالیس ہزار روپے انعام بھی دیا۔
سرداریارمحمد رند نے کہاکہ بلوچستان کی تاریخ میں کسی بھی جماعت نے وسیع العریض ایوب اسٹیڈیم گرا نڈ میں جلسہ کرنے کی ہمت نہیں کی ہم نے عوام کے جذبات کااحساس کرتے ہوئے بلوچستان کے وسائل کی لوٹ مارکرنے والوں کواس جلسہ کے ذریعے کھلا پیغام دیناہے کہ اقرباپروری اب مزید نہیں چل سکتی اب عوام کاہاتھ ہوگا۔
چوروں کاگریباں 19 مئی کاجلسہ بلوچستان کے سیاسی جلسوں میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔سرداررند نے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ اپنے اورآنے والی نسلوں کے بہترمستقبل کیلئے 19 مئی کے جلسہ میں شرکت کرکے پی ٹی آئی کی کرپشن فری مہم کی کامیابی اورنوازشریف کے استعفیٰ کے مطالبہ کوتقویت بخشیں۔
دریں اثناء تحریک انصاف پانچ سال بعد کوئٹہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔ کل جمعہ کو کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں جلسہ سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور مرکزی رہنماء خطاب کریں گے ۔
پی ٹی آئی بلوچستان نے تیاریوں کو حتمی شکل دیدی۔ شرکاء کیلئے30ہزار سے زائد کرسیاں لگائی جائیں گی۔عمران خان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے بلوچستان کے عوام کو جلسے میں شرکت کی دعوت دیدی ہے۔
جلسہ کے موقع پر ایک سابق سینیٹر، ایک سابق صوبائی وزیر ، کئی بلدیاتی نمائندوں سمیت اہم سیاسی شخصیات بھی شمولیت کا اعلان کریں گی۔ تفصیل کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پانچ سال بعد کوئٹہ میں جلسہ کرے گی۔
جمعہ کو تین بجے کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں میدان سجے گا ۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، مرکزی قائدین شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین اور دیگر مرکزی رہنماء جلسہ سے خطاب کرکے کارکنوں کا لہو گرمائیں گے۔
جلسہ سے پہلے شہر کو تحریک انصاف کے پرچموں ،بڑے بڑے پوسٹرز ،بورڈز، پینافلیکس اور بینرز سے سجادیاگیا ہے۔ جلسہ گاہ کیلئے ایوب اسٹیڈیم کے فٹبال گراؤنڈ کا انتخاب کیا گیا ہے ۔
یہ کوئٹہ کا سب سے بڑا میدان ہے اور یہاں بیک وقت کم و بیش پچاس ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے ۔ اس میدان کو آج تک کوئی سیاسی جماعت بھر نہیں سکی اس لئے یہاں سیاسی جماعتیں شازو نادرجلسہ کرتی ہے ۔
تاہم تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند پرامید ہے کہ تاریخ میں پہلی بار یہ میدان تحریک انصاف کے کارکنوں اور حامیوں کیلئے کم پڑجائے گا۔
ادھرعمران خان نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے بلوچستان بالخصوص کوئٹہ کے لوگوں کو دعوت دی ہے کہ وہ جمعہ تین بجے کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں جلسہ میں بھر پور شرکت کریں۔
تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پانچ سال بعد ہونیوالے اس جلسہ میں وہ بلوچستان کے مسائل پر کھل کر بات کریں گے۔ پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر یار محمد رند کے مطابق جلسہ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
جلسہ کے انتظامات کیلئے انتظامی، سیکورٹی، ٹرانسپورٹ اور خزانہ سمیت مختلف کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو جوش جذبے سے کام کررہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اب تک تیس ہزارسے زائد کرسیوں کاآرڈر دے دیا گیا ہے۔
کوئٹہ بھر سے صرف پندرہ ہزار کرسیاں ملی ہیں،باقی کرسیاں نصیرآباد، جعفرآباد اور سندھ کے علاقے جیکب آباد اور سکھر سے لائی جارہی ہیں۔ سردار یار محمد رند کا دعویٰ ہے کہ جلسہ میں کم سے کم ایک لاکھ لوگ شرکت کریں گے ۔
کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان بھر سے کارکنان قافلوں کی صورت میں کوئٹہ پہنچیں گے ۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیاسی اجتماع ہوگا ۔ آنے وقت تحریک انصاف کا ہے کیونکہ لوگ ہماری جماعت اور عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں ۔
ان کا کہنا ہے کہ پاناما اور ڈان لیکس کے بعد نواز شریف بے نقاب ہوگئے ہیں۔ تیس سالوں سے حکمرانی پر قابض دونوں شریف برادران ایک گینگ کی صورت اختیار کر گئے ہیں ۔
اسی طرح سندھ میں زرداری کے خلاف بات کرنے والوں کو انتقامی کاررائی کا نشانہ بنایا جاتا ہے جس کی مثال چند دن قبل سہیون شریف میں ان کے منیجر سمیت پورے اسٹاف اور چوکیدار تک کے خلاف بھتہ خوری کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا۔
سندھ کی پولیس سندھ حکومت کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے۔ تحریک انصاف اقتدار میں آکر عوام کو ان ظالم حکمرانوں سے نجات دلائے گی۔
دریں اثناء پی ٹی آئی بلوچستان کے ترجمان سردار خادم حسین وردگ اور بلوچستان کے نائب صدر سردار زین العابدین خلجی نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ بلوچستان کے ساحل و وسائل، سی پیک اور دیگر مسائل پر ایک جامع خطاب کریں گے اور لائحہ عمل دیں گے۔
پی ٹی آئی جلسہ کی تیاریاں مکمل ،بلوچستان کے عوام کو کرپشن سے نجات دلائیں گے ،سردار رند
وقتِ اشاعت : May 18 – 2017