|

وقتِ اشاعت :   May 18 – 2017

کو ئٹہ:  سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بیگ محمد بیگل نے لیاری جیسے علاقے میں بیٹھ کر بلوچی زبان و ادب کی جس طرح سے خدمت کی وہ قابل تقلید ہے۔

مجھے اس کی جس صلاحیت نے زیادہ متاثر کیاوہ اسکا قدیم اور مروجہ الفاظ کا برملا استعمال ہے جو خالصتاً بلوچی زبان کے ہیں، ایسے لگتا ہے کہ الفاظ ہاتھ باندھے اس کے سامنے باادب کھڑے ہیں اور وہ مہارت سے انہیں چن کر ان کا استعمال کرتاجارہا ہے۔

وہ شاعر ادیب مترجم کے علاقہ بہترین نثرنگار ،افسانہ نگار اور دانشور تھے،بلوچی زبان و ادب کی تاریخ ان کے نام کے بغیر تشنہ ء تکمیل ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچی لیز انکی دیوان کے زیر اہتمام بلوچستان اکیڈمی آف سائنسز اینڈ ریسرچ کے تعاون سے بلوچی کے نامور شاعر دانشور مزاحیہ نگار اور مترجم بیگ محمد بیگل کے بارے میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ بیگ محمد بیگل کا نام لیاری میں ادب کی آبیاری کرنے والے لوگوں میں سرفہرست ہے ایسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔

تقریب سے ڈاکٹر نعمت اللہ گچکی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کا علاقہ لیاری اب بھی پسماندگی کی تصویر ہے لیکن 60کی دھائی میں کراچی کے باشندوں کو بھی لیاری والوں کے بارے میں صحیح معلومات نہیں تھیں ۔

بلوچوں اور بلوچی زبان کے بارے میں لوگوں میں کئی غلط فہمیاں تھیں بیگ محمد بیگل اور اس کے ساتھیوں نے وہاں علم و ادب کا علم بند کیا اور نوجوانوں میں علم و ادب کے بارے میں شعور بلندکرنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے کراچی کا علاقہ لیاری علم و ادب کھیل و ثقافت کا گہوارہ بن گیا ۔

انہوں نے کہا کہ علم و ادب کے علاوہ سیاسی حوالوں سے بھی لیاری کا بڑا نام ہے انہوں نے کہاکہ لینن گراڈ گروپ جس میں بیگ محمد بیگل بھی شامل تھا لیاری میں شعور و آگاہی کیلئے نمایاں سرگرمیاں جاری رکھیں ۔

تقریب سے بلوچی اکیڈمی کے چےئرمین حاجی ممتاز یوسف،ممتاز دانشور عبدالواحدبندیگ، ایم پی اے یاسمین لہڑی ،ڈاکٹر شمع اسحاق بلوچ ،اے ارداد،رحیم مہر ،بلوچ خان ،وحید عامر ،زاہد دشتی ،شیر احمد جمالدینی،بلوچی ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی آف بلوچستان کی چےئرپرسن نسرین بلوچ نے بھی خطاب کیا ۔

انہوں نے مرحوم بیگ محمد بیگل کی شخصیت اور فن کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی ، انہوں نے کہا کہ ادب کا معاشرتی ترقی اور انسانی ذہنی اتقاء میں ایک بنیادی کردار ہے اورہمیں بیگ محمد بیگل جیسی شخصیات کی قدر کرنی چاہئے ۔

ان کی زندگی میں ہی انہیں اعزازت اور مان سے نوازنا چاہئے ورنہ ہم مردہ پرست کہلائینگے انہوں نے کہاکہ لوگ اگر ادب سے دور ہو جائینگے تو ان میں شعور اور اچھی اخلاقی قدر یں پیدا نہیں ہونگی ۔

ایک ترقی یافتہ معاشرے میں ادب اہم کردار ادا کرتا ہے بلوچی لیزانکی دیوان کے چےئرمین یار جان بادینی نے اپنی تنظیمی کارکردگی بیان کی اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔