کوئٹہ: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اورجمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ہمارا ہمسائیہ ملک بھارت کی کٹھ پتلی بن کر ہمیں نقصان پہنچارہا ہے ۔
بھارت کی سازشوں کی وجہ سے پاکستان عدم استحکام کا شکار رہا ہے کیونکہ اس نے آزادی سے لے کر آج تک پاکستان کو تسلیم نہیں کیا ،سانحہ مستونگ جیسی بزدلانہ کا رروائیوں سے مرعوب نہیں ہونگے ۔ باطل کے خلاف اپنی تحریک کو جاری رکھیں گے۔
شہداء کی قربانیوں سے انقلاب آئے گا۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں ٹی اینڈ ٹی کالونی میں واقع جامعہ مسجد میں سانحہ مستونگ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقدہ تعزیتی ریفرنس اور بعد ازاں پریس کانفرنس کے دوران خطاب کر تے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر جے یو آئی کے صوبائی امیر مولانا فیض محمد ، صوبائی جنرل سیکرٹری ملک سکندر ایڈووکیٹ، ضلعی امیر مولانا ولی محمد ترابی، سید مطیع اللہ آغا اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
مولانا عبدالغفار حیدری کہاکہ مستونگ میں خودکش بمبار کی جانب سے مجھے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی لیکن حملے کے بعد ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے بلکہ ہمارے نظریے کو مزید تقویت ملی ۔
اب اس نظریے کی پاسداری ہماری آنے والی نسلیں کرینگی بلکہ حق وباطل کا یہ معرکہ آگے بھی جاری رہے گا،انہوں نے کہاکہ خودکش حملے میں ٹارگٹ میں تھا لیکن رب نے مجھے لاشوں میں سے صحیح سالم نکالا جس پر میں اس کا شکر گزارہوں ۔
انہوں نے کہاکہ میرے ساتھی شہادت کا اعلیٰ مقام پاچکے ہیں انہیں حیات جاویدہ ملی ہے کہتے ہیں کہ شہید کی جو موت ہے یہ قوم کی حیات ہے انہوں نے کہاکہ ہم پر حملے میں کونسے عناصر اور قوتیں ملوث ہیں سب جانتے ہیں ۔
ہمیں یہ بھی پتہ ہے کہ کون ان کا آلہ کار بنتاہے اور کون ہمیں اپنے مذموم مقاصد کے سامنے رکاوٹ سمجھتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ یہ ملک ہمیشہ رہے گا اور جمعیت علماء اسلام کی روزافزوں ترقی کا عمل بھی اسی طرح جاری رہے گا اب اس تحریک کو ہماری آنے والی نسلیں آگے بڑھاتے ہوئے اسلام کی سربلندی کیلئے جدوجہد کرینگی ۔
انہوں نے کہاکہ ہم پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ شہداء کے خون کا حق ادا کرے ،ہمیں اس مملکت کی قیادت دی جائے تو اس سے امن کا گہوارہ بنا کر دکھائینگے ۔
انہوں نے کہ اکہ سانحہ مستونگ کی تحقیقات ملکی ادارے کر رہے ہیں تا حال ہمیں کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہمیں امید ہے کہ بہت جلد دہشتگردوں کی نشا ندہی ہو جائے گی اور وہ انجام تک بھی ضرور پہنچیں گے۔
انہوں نے کہاکہ اگر تحقیقاتی عمل میں کمزوری یا سستی کی گئی تواس کا گلہ اور شکوہ ہمیں ضرور ہوگا ،انٹیلی جنس اداروں کاکام ہے کہ وہ ذمہ داروں سے متعلق عوام کو بتائیں۔
انہوں نے کہاکہ جاسوسوں کا بھارت براستہ افغانستان یا بھارت براستہ ایران آمد ہو یہ باتیں ثابت ہوچکی ہیں لیکن اس وقت کسی پر الزام لگانا درست نہ ہوگا۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جس نے آزادی سے لے کر اب تک پاکستان اور اس کی آزادی کو تسلیم نہیں کیا بھارت کو باور کر انا چا ہتے ہیں کہ پاکستان اب ایک ایٹمی قوت ہے اور پاکستان کوئی تر نوالہ نہیں کہ ہر کوئی اسے ہضم کر سکے ۔
بھارت کی ایماء پر دیگر ممالک بھی پاکستان کے خلاف دہشتگردی کر رہے ہیں ۔ہم ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں مگر وہ بھارت کے ہاتھوں کٹھ پتلی بنا ہوا ہے ۔
ہم اپنے ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی حدود کا دفاع کرینگے پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور تا قیامت رہے گا۔انہوں نے کہا کہ مولانافضل الرحمن پر خودکش حملے سے کفری طاقتیں سمجھتی تھی کہ اب یہ تحریک کمزور پڑ جائیگی ۔
لیکن 7سے 9اپریل تک 3روزہ عالمی اجتماعی میں 50لاکھ افراد نے شرکت کرکے یہ پیغام دیا کہ جمعیت کے رواں کاررواں کو کوئی نہیں روک سکتا بلکہ یہ آگے بڑھتی چلی جائیگی ۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے عوامی طاقت سے ثابت کیا کہ اگر ملک کی بھاگ دوڑ ہمارے حوالے سے کی جائے تو ہم اس سے مستحکم بنا سکتے ہیں ،بلکہ مملکت کی قیادت مل جائے تو یہاں مثالی امن کا قیام بھی عمل میں آئے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہم بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث عناصر پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اس طرح کی کارروائیوں اور دہشت گردی سے ہماری تحریک نہیں رکھے گی۔
انہوں نے کہاکہ اگر ہمارے تحریک کاسلسلہ نصب تلاش کیاجائے تو یہ نبی آخر زمان ﷺ سے جا ملتی ہے ،انہوں نے کہاکہ وہی سے قربانی کا جو لازوال سلسلہ چل پڑاہے وہ تاقیامت جاری رہے گا۔
انہوں نے کہاکہ ملک کی نظریاتی سرحدات کی تحفظ کیلئے ہماراکام اسی طرح جاری وساری رہے گا،پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والا ریاست ہے اسلام کے نام پر بننے والے اس ملک میں اب بھی ہمیں اور زیادہ حوصلہ ملاہے ۔
انہو ں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں ، قبائلی عمائدین سمیت تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میری خیریت دریافت کی۔
مجھے اللہ پاک نے لاشوں سے صحیح سالم نکالا میرے ساتھی شہید ہو کر اعلیٰ مقام پر پہنچ گئے ،مولانا غفور حیدری
وقتِ اشاعت : May 19 – 2017