کوئٹہ: میٹرولیٹن کارپوریشن کا اجلاس آج یہاں زیرصدارت کنوینر محمد یونس بلوچ منعقد ہوا جس میں میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ سمیت کونسل کے ممبران نے شرکت کی۔
تلاوت کے بعد کنوینر محمد یونس بلوچ نے اجلاس کے ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں میٹروپولیٹن کے تین بڑے منصوبوں پر کونسل کے ممبران کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مٹن مارکیٹ کی جگہ پر ایک جدید طرز کا پارک بنایا جائے گا جس پر 25ممبران نے قراداد کے حق میں دوٹ دیا جبکہ کونسل کے سات ممبران نے مخالفت میں ووٹ دیا۔
بلدیہ ہوٹل اور جناح کلاتھ کی جگہوں پر بھی تعمیرات کی منظور دی گئی۔ اجلاس میں وارڈ نمبر ایک سے 35تک صفائی کو آؤٹ سورس کی بھی منظوری بھی دی گئی۔
کوئٹہ شہر میں ڈمپ کچرہ اور نالیوں کی صفائی کے لئے مختص رقم 8کروڑ روپے کی میٹروپولیٹن کے 58حلقوں میں تقسیم کی منظوری دی گئی جس کے مطابق بڑے حلقوں کے لئے 60فیصد جبکہ چھوٹے حلقوں کے لئے 40فیصد ، مخصوص نشستوں، خواتین اور اقلیت ممبران کے لئے 20فیصد کی منظوری دی گئی۔
پی ایس ڈی پی سال 2016-17ء کی مختص رقم 40کروڑ کی مد میں کونسل کے ممبران سے فوری طور پر نئی اسکیمات طلب کرنے کی منظوری دی گئی۔
ایم ٹی کی نئی گاڑیوں کی خریداری اور اسٹاف کی بھرتی کے لئے سی ایم او کی سربراہی میں ایم ٹی انجینئرز کی مشاورت سے عارضی طور پر تعیناتی کے لئے ٹیسٹ وانٹرویو لیا جائے گا۔
آئندہ کونسل کے اجلاس میں کونسل کی مختلف قائمہ کمیٹیوں کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کرنے کی منظوری دی گئی۔ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑ نے کہا کہ کونسل سے کوئی بھی بالاتر نہیں۔
تمام معاہدات میٹروپولیٹن کونسل کے مشاورت سے ہوں گے کسی کے ساتھ امتیازی سلوک کی اجازت نہیں دے سکتے۔کنوینر وڈپٹی میئر کوئٹہ محمدیونس بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسکیمات کو بروقت مکمل کرلیا جائے گا۔
کونسل کے ممبران کو مشاورت میں لازمی طور پر شامل کرکے منتخب نمائندوں کو تسلیم کرکے ان کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے۔ میٹروپولیٹن کے آفیسران ممبران کی مشاورت کو اہمیت دیں۔
میٹروپولیٹن کے آئندہ فیصلے کونسل کی منظوری سے مشروط ہوں گے۔ کوئی بھی کونسل کی منظوری کے بغیر کوئی سرکاری معاہدہ اور فیصلے کا اختیار نہیں رکھتا۔
اجلاس میں سانحہ مستونگ اور گوادر کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی گئی۔
میٹرو پولیٹن کوئٹہ کا اجلاس ،صفائی کیلئے مزید 8 کروڑ روپے کی منظوری
وقتِ اشاعت : May 19 – 2017