کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے تین مزدور وں کو قتل کردیا۔ملزمان مو ٹر سائیکلوں پر سوار تھے ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف کاروائی کی ہدایت کردی ۔
ڈی سی کیچ کیپٹن (ر) سرمد سلیم کے مطابق واقعہ ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت سے 45 کلو میٹر دور ہوشاب بازار کے قریب ڈمب کراس کے مقام پر پیش آیا جہاں عسکری تعمیراتی ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے چار مزدوراپنے کیمپ سے سودا سلف خریدنے بازار آئے تھے ۔
پہلے سے تاک میں بیٹھے موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے ۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک مزدور موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ دو مزدور اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔چوتھے مزدور نے زخمی حالت میں بھاگ کر جان بچائی ۔
انہیں دائیں ہاتھ پر ایک گولی لگی۔جاں بحق تینوں مزدوروں محمد طاہر ،محمد ناصر اور عباس اور زخمی محمد اول کا تعلق پنجاب کے ضلع رحیم یار خان سے ہے۔
جاں بحق مزدوروں کی لاشیں اور زخمی کو ایمبولنسز کے ذریعے کراچی منتقل کردیا گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کو سڑک کی تعمیر میں مصروف ایف ڈبلیو او کے مزدور چھٹی کرتے ہیں تاہم ایف ڈبلیو او 8انجینئر بٹالین کے مجاہد کیمپ کے ٹھیکیدار شاہ ولی نے مزدوروں کو بغیر سیکورٹی کے بھیجا ۔
ضلعی نے ایف ڈبلیو او حکام سے بغیر سیکورٹی مزدوروں کو بازار آنے کے متعلق رپورٹ طلب کر لی ہے ۔یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل بھی گوادر میں بھی سڑک کی تعمیر کرنے والے 10 مزدور دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ زہری نے واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ بے گناہ مزدوروں کی شہادت پر افسوس ہے ۔وزیر اعلی نے شہید ہونے والے مزدوروں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔
انہوں نے بے گناہوں کا خون بہانے والوں کے خلاف بے رحمانہ کاروائی کی ہدایت کردی ۔نواب ثناء اللہ زہری زہری نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنیا جائے گا ۔جبکہ بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد بزدلانہ کاروائیوں کے ذریعے ترقی کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرنا چاہتے ہیں۔
نہتوں پر وار کرنے والے کسی قوم و مزہب سے تعلق نہیں رکھتے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ حملہ کرنے والے اتنے بہادر ہیں تو ہم سے لڑے،مزدوروں پر حملہ بزدلی کا ثبوت ہے۔
کیچ، مسلح افراد کا ایف ڈبلیو او کے مزدوروں پر فائرنگ3جاں بحق، ایک زخمی ،تعلق رحیم یارخان سے ہے
وقتِ اشاعت : May 19 – 2017