اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس جاری ہے جس میں مجموعی طور پر21 کھرب 13 ارب روپے مالیت کے قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دینے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نوازشریف کی صدارت میں قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس جاری ہے جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گورنر خیبر پختونخوا، وزیراعظم آزاد کشمیر سمتیت وفاقی و صوبائی وزراء شریک ہیں۔
دستاویزات کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے قومی ترقیاتی بجٹ کا حجم 21 کھرب 13 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس کا جائزہ لے کر حتمی منظوری دی جائے گی۔ دستاویزات کے مطابق سالانہ منصوبہ رابطہ کمیٹی کی جانب سے وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم 10 کھرب 1 ارب رکھنے کی تجویز دی گئی ہے جس میں پبلک سیکٹر ڈویلمپنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) 18-2017 کے لیے 866 ارب روپے جب کہ وفاق کے مخصوص منصوبوں کے لیے 135 ارب مختص کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔
آئندہ مالی سال میں صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 11 کھرب 12 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز شامل ہے جب کہ قومی ترقیاتی بجٹ میں 360 ارب 63 کروڑ 45 لاکھ کی بیرونی امداد شامل ہوگی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں وزیراعطم کے مخصوص بجٹ کے لئے 20 ارب روپے رکھنے کی تجویز بھی زیر غور ہے جب کہ آئی ڈی پیز اور سیکیورٹی انتظامات کے لئے 45، 45 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔