کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے نیشنل پارٹی بلوچستان کی اس وقت منظم ترین سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے اور 2018ء کے انتخابات میں نیشنل پارٹی بلوچستان کی سب سے بڑی پارلیمانی جماعت کی صورتر میں سامنے آئے گی تمام ضلعی تنظیمیں پارٹی معاملات پر خصوصی توجہ دیں ۔
یہ بات انہوں نے ہفتہ کو نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے دو روزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کی اجلاس کے افتتاح پر مشعل خان کی شہادت پرانہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ مشعل خان کے قاتلوں کو قانون کے دائرے میں لاکر قانون کے مطابق سزادی جائے ۔
اجلاس میں گوادر اور تربت میں مزدوروں کے قتل پرانتہائی غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی اورشہداء کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔
اجلاس میں پنجاب وحدت کی رپورٹ ایوب ملک ،بلوچستان وحدت کی رپورٹ عبدالخالق بلوچ اورسندھ وحدت کی رپورٹ مجید بلوچ نے پیش کی جبکہ بلبوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی رپورٹ بی ایس او (پجار) کے سیکرٹری جنرل حمید بلوچ نے پیش کی۔
نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کی اس وقت منظم ترین سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے اور 2018ء کے انتخابات میں نیشنل پارٹی بلوچستان کی سب سے بڑی پارلیمانی جماعت کی صورتر میں سامنے آئے گی تمام ضلعی تنظیمیں پارٹی معاملات پر خصوصی توجہ دیں۔
انہوں نے پارلیمانی گروپ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے آپ کو پارٹی کا پابند بنائیں اور کارکنوں اور ضلعی قیادت سے اپنی مشاو رت کو باقاعدہ بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ کارکن 2018ء کے انتخابات کی تیاریاں شروع کریں ۔انہوں نے کہا کہ کچھ اضلاع میں پارٹی کارکنوں کے درمیان سطحی مسائل پر کچھ اختلافات سامنے آگئے ہیں ان پر جلد قابو پالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر میں پارٹی فعال و متحرک ہوچکی ہے تمام تحصیلوں کے انتخابات بھی مکمل ہوگئے ہیں الیکشن کے حوالے سے رابطہ کاری کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے ۔انہوں نے پارٹی کے ایم پی ایز ، سینیٹرز اورایم این ایز پر زوردیا کہ وہ پارٹی کو فعال کرنے میں اپنے حلقوں میں نکل کر دیگر اضلاع کا تنظیمی دورہ کریں ۔
میرحاصل خان بزنجو نے کہا کہ پارٹی نے حالیہ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے جس سے عوام کی پارٹی سے وابستگی اور کارکنوں کی جدوجہد سے وابستگی کا واضح اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا اعتماد نیشنل پارٹی کو حاصل ہے اور آئندہ انتخابات میں بھی بھر پور کامیابی حاصل کریں گے انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی سیاسی کارکنوں کی جماعت ہے اورکارکن پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جس پارٹی میں بے لوث سیاسی کارکنوں کی اتنی بڑی تعداد ہواسکو دنیا کی کوئی طاقت بھی کمزور نہیں کرسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دیگر سیاسی جماعتیں نیشنل پارٹی سے خوفزدہ ہوکر حواس باختہ ہوچکی ہیں۔
انہوں نے پارٹی قیادت اورکارکنوں پر زوردیا کہ وہ عوام سے جاری رابطوں میں مزید وسعت لائیں ۔پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس آج( اتوار) کوبھی جاری رہے گا۔ پارٹی کے مرکزی ارکان کے اعزاز میں صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے ظہرانہ دیا۔