کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان اور بلوچستان کے عوام کی امیدوں کا واحد محور ہیں اللہ تعالیٰ نے ذمہ داری دی تو پی ٹی آئی بلوچستان کے عوام کو چوروں سے نجات دلا کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک فیصل خان کاکڑ کی قیادت میں ملنے والے ہنہ اوڑک کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا سردار رند نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں نے عوام کو سخت مایوس کیا ہے جبکہ اقتدار میں رہنے والی دیگر قومی و مرکزی جماعتوں نے اپنے مخصوص مالی مفادات کی تکمیل کے لئے اپنے مخصوص ایجنڈے کے تحت کام کیا ۔
بلوچستان اور چھوٹے صوبوں کی ترقی کے لئے زبانی کلامی دعووں سے آگے عملی طور پر کچھ نہیں کیا گیا انہوں نیکہا کہ بلوچستان کے وسائل کو لوٹ کر بیرونی سرمایہ بنانے والے اپنے عبرتناک مستقبل سے بے خبر آئندہ کے اقتدار کے خواب دیکھ رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی لبادے میں ملبوس کرپٹ عناصر چوروں اور ڈاکوؤں سے زیادہ مجرم ہیں اور مصلحتوں کی بناء پر کرپٹ عناصر کی پشت پناہی کرنے اور ان کے خلاف نہ بولنے والے ان سے بھی زیادہ قومی مجرم ہیں ۔
سردار رند نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑا مسئلہ کرپشن کا ہے بدعنوانی ختم کئے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا اور کرپشن کے خاتمے کیلئے کرپٹ لوگوں اور جماعتوں کی حوصلہ شکنی ضروری ہے
انہوں نیکہا کہ عوام باشعور ہو چکے ہیں اور قوم پرستی اور شخصیات کی سیاست کرنے والوں کو اچھی طرح جان چکے ہیں اب عوام ان کے جھانسے میں آنے والے نہیں۔