|

وقتِ اشاعت :   May 24 – 2017

اسلام آباد : 46ویں پاکستان نیوی سٹاف کورس کے کانووکیشن کی تقریب پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں منعقد ہوئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ مہمان خصوصی نے پاک بحریہ ، پاک آرمی،پاک فضائیہ کے 43 اور دوست ممالک اُردن، انڈونیشیاء، بنگلہ دیش، چین، سری لنکا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات،ملائیشیاء مصر،میائمراور نا ئیجر یاکے20 آفیسرز کو وار سٹڈیز (میری ٹائم) میں ماسٹرز کی ڈگریاں تفویض کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ وسائل اور اثر و رسوخ کی تلاش تغیر پذیر اور غیر یقینی دنیا میں ہمسری اور نئی صف بندیوں کو جنم دیتی ہے۔ ہمارے خطے کے ممالک کی توجہ سمندرکی جانب مبذول ہو رہی ہے اور بحری افواج کو اسٹریٹیجک اور روایتی انداز سے ترقی دینے کے لئے کثیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ساتھ ساتھ ہمارے خطے میں غیر علاقائی بحری افواج کی کثیر تعداد میں موجودگی بھی اس امر کی دلیل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستا ن ایک امن پسند ملک ہے جو اپنے جائز اقتصادی اور سکیورٹی مفادات کے حصول کے لئے کوشاں ہے۔تاہم موجودہ صورت حال میں ایک مضبوط بحری فورس کی ضرورت پہلے کی نسبت زیادہ شدت کے ساتھ محسوس کی جا رہی ہے۔

گریجویٹنگ آفیسرز کو نصیحت کرتے ہوئے نیول چیف نے اس بات پر زور دیا کہ قائدکی حیثیت سے آفیسرکو پیشہ ورانہ انداز میں جرأت مندی کے ساتھ مستقبل کے چیلنجز سے نبردآزما ہونا چاہئے اوراپنے اپنے ملک کی بحری افواج کی بہتری کے لئے یہاں سے حاصل کئے جانے والے علم اور مہارتوں کا بہترین استعمال کرنا چاہئے۔

کورس میں دوست ممالک کے آفیسرز کی حوصلہ افزاء شرکت کا حوالہ دیتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور پاک بحریہ کے آج کے بعد مزیدبیس سے زائد سفیر اور دوست ہوں گے اور میں اُمید کرتا ہوں کہ دوست ممالک کے یہ آفیسرز پی این وار کالج میں کورس کے دوران بنائے جانے والے دوستوں کے ساتھ اپنی دوستی قائم و دائم رکھیں گے۔

نیول چیف نے گریجویٹنگ آفیسرز کو مبارک باد دی اورکورس کی تمام سرگرمیوں کے انعقاد کے سلسلے میں پاکستان نیوی وار کالج کے عزم اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے بھر پور تعاون کو سراہا۔

قبل ازیں کمانڈنٹ پی این وار کالج ریئر ایڈمرل معظم الیاس نے کورس میں شامل تعلیمی اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں کا مختصراً ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورس میں دوست ممالک کے آفیسرز کی شرکت حوصلہ افزاء ہے اور پاکستان اور ان ممالک اورخاص طور پر ان ممالک کی بحری قوتوں کے درمیان پائے جانے والے برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔

تقریب میں معزز سول شخصیات اور پاکستان کی مسلح افواج کے سینئرز آفیسرز نے شرکت کی۔