اسلام آباد: پانی کے ناکافی ذرائع اور محدود بارشوں کی وجہ سے بلوچستان میں پیدا ہونے والی پانی کی کمی عام آدمی کو بری طرح متاثر کر رہی ہے جس کا فوری سدباب ناگزیر ہے۔
اس کڑی صورت حال کا احساس کرتے ہوئے پا ک بحریہ نے اپنے فلیٹ ٹینکر پی این ایس نصر کے ذریعے1200ٹن پینے کا تازہ پانی گوادر روانہ کیا۔تاکہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے مکینوں کوپانی کی بروقت فراہمی ممکن بنائی جائے۔
پاک بحریہ کا یہ جہازکل گوادربندرگاہ پہنچا اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مقامی آبادی میں پانی کی تقسیم جاری ہے۔ جس سے گوادر شہر میں پانی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ پا ک بحریہ کے کمانڈر ویسٹ ،کموڈور اویس حیدر زیدی امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے ساحلی خطے میں آپریشنل بیسز اور معقول افرادی قوت کی حامل پاک بحریہ ساحلی شہروں بالخصوص گوادر اور اورماڑہ میں کئی ترقیاتی منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔
پاک بحریہ زلزلے، سیلاب اور قدرتی آفات کے رونما ہونے کی صورت میں اپنی امدادی کاروائیوں اور نو آبادکاری کی کاوشوں کے ذریعے حکومتِ بلوچستان کی ہر ممکن امدادجاری رکھے گی تا کہ گوادر شہر کی آبادی کی مشکلات کو ختم کیا جائے۔