|

وقتِ اشاعت :   May 26 – 2017

ایتھنز: یونان میں سابق وزیراعظم کی گاڑی میں ہونے والے خط بم دھماکے میں لوکاس پاپا ڈیموس اور ان کا ڈرائیور زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں سابق وزیراعظم لوکاس پاپا ڈیموس کی گاڑی پر خط بم حملہ کیا گیا جس میں لوکاس پاپا ڈیموس اور ان کا ڈرائیور زخمی ہو گئے۔

امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے سابق وزیراعظم اور ان  کے ڈرائیور کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں طبی عملے کے مطابق 69 سالہ لوکاس پاپا ڈیموس کو ٹانگوں، ہاتھوں اور پیٹ میں زخم آئے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واضح رہے کہ لوکاس پاپا ڈیموس کو نومبر 2011 میں اس وقت یونان کا عبوری وزیر اعظم بنایا گیا تھا جب ملک شدید سیاسی و معاشی بحران کا شکار تھا۔ لوکاس پاپا ڈیموس یورپی سنٹرل بینک کے نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔

رواں برس مارچ میں بھی یونان سے آئی ایم ایف کے پیرس میں واقع دفتر میں خط بم بھیجا گیا تھا جو دھماکے سے پھٹ گیا تھا، بم دھماکے کے نتیجے میں ایک ملازم زخمی بھی ہوا تھا۔