|

وقتِ اشاعت :   May 31 – 2017

کوئٹہ: محکمہ تعمیرات و مواصلات نے ضلع کچھی (بولان)میں اپنے محکمے کے35ملازمین کو بھوگس تسلیم کرلیا جس کے بعد محکمہ خزانہ نے ان ملازمین کی تنخواہیں بند کردیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ بلوچستان کی مانیٹرنگ کمیٹی اور ڈپٹی کمشنر کچھی نے سی اینڈ ڈبلیو میں درجنوں بھوگس ملازمین کی نشاندہی کی تھی۔

ان ملازمین کی جانچ پڑتال کیلئے سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو کو لکھا گیا تھا ۔27اپریل کو سی اینڈ ڈبلیو حکام نے محکمہ خزانہ کوآگاہ کیا کہ محکمے کے 35ملازمین کے دستاویزات کی تصدیق نہیں ہوسکی اس لئے انہیں جعلی قرار دے دیا گیا۔ جبکہ 13ملازمین کے کوائف کی تصدیق ہوگئی انہیں ڈیپارٹمنٹل ریکروٹمنٹس کمیٹی نے اقلیتی اور وفات شدہ ملازمین کے کوٹے پر بھرتی کیا لہٰذا ان کی تنخواہیں بحال کی جائیں۔

محکمہ خزانہ نے جعلی قرار دیئے گئے 35ملازمین کی تنخواہیں بند کردیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ملازمین تقریباً6سالوں سے اب تک کروڑوں روپے وصول کرچکے تھے ۔ محکمہ خزانہ نے جعلی ملازمین کے خلاف کارروائی اور ان سے کروڑوں روپے دوبارہ وصول کرنے کیلئے محکمہ انٹی کرپشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔