کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدرحاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی اور سیکرٹری فنانس ملک عبدالحمیدکاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن عبداللہ جان اور کوئٹہ سے اغواء ہونے والے چینی باشندوں کی عدم بازیابی حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔
یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اوراس میں شامل جماعتیں صوبے میں امن و امان کی بہتری کے دعوے کرتی نہیں تھکتی لیکن صوبے میں اغواء برائے تاوان ایک ناسور کی شکل اختیار کرچکا ہے دن دیہاڑے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے بھر سے شہریوں کو اغواء کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن بلوچستان عبداللہ جان اور جناح ٹاؤن سے چینی باشندوں کو اغواء کیا گیا لیکن حکومت انہیں بازیاب کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے جبکہ حکومت نے اغواء ہونے والے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کا تبادلہ کرکے انہیں ایس اینڈ جی اے ڈی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے جو حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اوراس میں شامل جماعتیں عوام کو تحفظ نہیں دے سکتیں تو انہیں اقتدار میں رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے اغواء ہونے والے چینی باشندوں کو بچاتے ہوئے اغواء کاروں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہری کی حکومت کو حوصلہ افزائی کرنی چاہئے تاکہ شہری صوبے میں امن و امان کے قیام میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن عبداللہ جان اورچینی باشندوں کو فوری طور پربحفاظت بازیاب کرایا جائے اوراس میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردارتک پہنچایا جائے۔