|

وقتِ اشاعت :   June 2 – 2017

کوئٹہ: الیکشن کمیشن آف بلوچستان نے عبدالرحیم مندوخیل کی وفات کے بعد خالی ہونیوالی قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔ حلقہ این اے260کوئٹہ کم چاغی کم نوشکی پر پولنگ15 جولائی کو ہو گی ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی 12 سے 14 جون تک جمع کرائے جاسکیں گے جن کی جانچ پڑتال15 سے17 جون کو ہوگی۔ کا غذات مسترد یا منظور ہونے کے خلاف اپیل کیلئے تاریخ 19 جون مقرر کی گئی ہے۔21جون تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکیں گے جبکہ حتمی فہرست22جون کو آویزاں کی جائے گی۔

کوئٹہ ، چاغی اور نوشکی کے اضلاع میں پولنگ15جون کو ہوگی ۔حلقے کے چار لاکھ بیس ہزار سے زائد ووٹ حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے پانچ صفحات پر مشتمل انتخابی ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا گیاجس کے مطابق انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات اور حلقے میں آفیسران کے تقرر و تبادلے پر پابندی ہوگی۔

دریں اثناء الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کیلئے ریٹرنگ آفیسران کا بھی اعلان کردیا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کے فرائض ریجنل الیکشن کمشنر شہزاد احمد ادا کریں گے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خضدار عطاء اللہ بروہی ریٹرننگ آفیسر ہوں گے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر صدر، تحصیلدار صدر، نائب تحصیلدار پنجپائی، اسسٹنٹ کمشنر دالبندین، تحصیلدار تفتان اور اسسٹنٹ کمشنر نوشکی اسسٹنٹ ریٹرنگ آفیسر کی حیثیت سے کام کرینگے۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کی یہ نشست پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم مندوخیل کی وفات کے پاس خالی ہوئی تھی ۔ ضمنی انتخاب میں جمعیت علمائے اسلام (ف)، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ، مسلم لیگ نواز اور نیشنل پارٹی کے امیدواروں میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔