|

وقتِ اشاعت :   June 2 – 2017

گوادر :  پانی اور بجلی بحران پر آل پارٹیز کی ڈپٹی کمشنر محمد نعیم بازئی سے ملاقات ۔6جون کو شٹرڈاون ہڑتال ہوگی۔تفصیلات کے مطابق گوادر اور قریبی علاقوں میں پانی اور بجلی بحران پر قائم آل پارٹیز پر مشتمل وفد نے ڈپٹی کمشنر محمد نعیم بازئی سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔

،ملاقات میں بی این پی کے ضلعی صدر حسین واڈیلہ،نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر فیض نگوری ،جماعت اسلامی کے سعید احمدبلوچ،پیپلز پارٹی کے صوبائی جوائنٹ سیکریٹری اعجاز حسین بلوچ،جے یوآئی کے ضلعی امیر مولانا عبدا لحمید انقلابی،مولانا عبدالہادی،بی این پی کے تحصیل آرگنائزر عبدلرؤف شہزاد،راشد ایڈوکیٹ،بی این پی کے ضلعی جنرل سیکریٹری خداد واجو،تحصیل صدر ماجد سہرابی،زاہد مرید،نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکریٹری یوسف عبدالرحمان،نائب صدر آدم قادر بخش،انجمن تاجران کے عبدالوہاب کے ڈی،مرکزی انجمن تاجران کے شریف بلوچ،پیپلز پارٹی کے محمد افضل بلوچ،امداد کھتری،اور دیگر شامل تھے ۔

اس موقع پر وفد نے گزشتہ دنوں دھرنا کے دوران پانی اور بجلی کی فراہمی کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات اور پانچ دن کی مہلت ،اور پیش کیئے گئے مطالبات کا جائزہ لیا گیا ،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے وفد کو بتایا کہ پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں ٹینکرز بڑھا دیئے گئے ہیں جبکہ مزیدٹینکرز بھی منگوائے جا رہے ہیں لیکن ٹینکرز کی عدم دستیابی پر مشکلات کا سامنا ہے۔

ٹینکرز مالکان کے بقایاجات کی ادائیگی بھی شروع کردی گئی ہے بجلی کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ حکام بالا سے رابطہ جاری ہے اور ناقص کارکردگی کرنیوالے افسران کے تبادلے کیئے جائیں گے ،اس موقع پر آل پارٹیز وفد نے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی مکمل عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی میں بلاجواز اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام عذاب میں مبتلا ہیں ،جبکہ وی آئی پی اور وزیر اعظم کے دورہ کے دوران بجلی تسلسل کے ساتھ فراہم کی جاتی ہے ۔

واپڈا میں تعینات افسران کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی کی سزا گوادر کے عوام بھگت رہے ہیں،وفد نے مطالبہ کیا کہ واپڈا میں تعینات ایکسئین اور ایس ڈی او گرڈ اسٹیشن کو ضلع بدر کیا جائے کیونکہ انکی نا اہلی اور ناقص کارکردگی سے امن و امان کا مسئلہ کسی بھی وقت خراب ہو سکتا ہے اس موقع پرشہر کے مختلف علاقوں میں پانی کے بحران پر تشویش کا اظہار بھی کیا اور مطالبہ کیا کہ پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات کو بہتر بنایا جائے ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قربان علی مگسی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی بھی موجود تھے بعد ازاں آل پارٹیز اور انجمن تاجران کا اجلاس اشرف حسین بیٹھک میں منعقد ہوا جس میں ڈی سی کے ساتھ ہونیوالے مذاکرات کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا کہ 6جون کو بجلی اور پانی بحران پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائیگی۔