|

وقتِ اشاعت :   June 3 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ پولیس نے گزشتہ شب کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ دہشتگردوں اور مختلف جرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے جناح ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور131 کرائے پر دیئے جانے مکانات کی تلاشی لے کر50 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔

ریجنل پولیس آفیسر بلوچستان وڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق کی خصوصی ہدایت پر کوئٹہ پولیس نے امن وامان کی بحالی کو یقینی بنانے کے لئے کوئٹہ کے نواحی علاقے جناح ٹاؤن میں 131 کرائے کے مکانات اور جگہوں کی تلاشی لی اور سرچ آپریشن کیا تاکہ جرائم پیشہ عناصر مختلف وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے اس اسپیشل سرچ آپریشن کے دوران50 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جنہیں تحقیقات اور تصدیق کے بعد چھوڑا گیا ۔

ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ یہ سرچ آپریشن مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا تاکہ جن علاقوں میں لو گوں نے اپنے مکانات کرائے پر دیئے ہوئے ہیں یا مکانوں ، دکانوں کی بیسمنٹ اور دیگر فلور کے ساتھ ساتھ تہہ خانے بھی چیک کئے جائینگے اس سرچ آپریشن میں کمرشل اور گھریلو کرائے پر دی جانیوالی جگہوں پر اور علاقوں کی بھی تلاشی لی جائیگی ۔