|

وقتِ اشاعت :   June 4 – 2017

کوئٹہ : صوبائی وزیر زراعت ومشیر خزانہ سردار اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال 2017-18ء کے بجٹ کو ترتیب دینے کا کام آخری مراحل میں ہے اور امید ہے کہ بجٹ 13جون تک کابینہ کو منظوری کے بعد پیش کیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے محکمہ خزانہ کے آفیسران کو بجٹ کی تیاریوں کے حوالے سے اقدامات اور کام کے پیشرفت کی حوالے سے بریفنگ کے دوران کیا۔ اجلاس میں سیکریٹری خزانہ اکبر حسین درانی، محکمہ خزانہ کے ایڈیشنل سیکریٹریز وجیہ اللہ کنڈی، عثمان معظم، اسحق جمالی سمیت تمام ڈپٹی سیکریٹریز اور متعلقہ حکام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکریٹری خزانہ اکبر حسین درانی نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ بجٹ کی تیاریوں کے حوالے سے کام آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ مالی سال میں ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے ریلیز میں تمام قانونی پیچیدگیوں کو ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے اور محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کی اتھورائزیشن (Authorization) کے لئے ہر پہلو کابغور جائزہ لیا جاتا ہے اس کے بعد محکمہ خزانہ سے ریلیز کرتی ہے۔

انہوں نے صوبائی وزیر کو محکمہ خزانہ کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جس میں محکمہ خزانہ کا بجٹ سیکشن، مانیٹرنگ سیکشن، ڈویلپمنٹ سیکشن ودیگر کی کارکردگی کے حوالے سے تمام تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں کے حوالے سے محکمہ خزانہ کے آفیسران دن رات محنت کررہے ہیں جس پر صوبائی وزیر نے محکمہ خزانہ کے آفیسران کی تعریف کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے ترقیاتی بجٹ کی تیاریوں کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کے آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی کو بجٹ پیش ہونے سے کم از کم ایک ہفتے یا چار دن پہلے بجٹ کو بھجوادیں تاکہ اس پر مزید مشاورت اور بجٹ کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہی حاصل ہوسکے۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست ہوگا۔ حکومت اخراجات کو کم کرنے کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے روزگار کے نئے مواقع تقریباً چھ ہزار نئی آسامیوں کا اعلان کیا جائے گا۔

اپنے وسائل کو مزید وسعت دی جائے گیا جس میں بلوچستان ریونیو اتھارٹی، بورڈ آف ریونیو، محکمہ معدنیات ومعدنی وسائل اہمیت کے حامل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ مخلوط صوبائی حکومت نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔