حب: آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل سردارطارق امان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے دوسرے بڑے صنعتی ضلع لسبیلہ میں امن اوامان کی صورتحا ل بہتر ہوچکی ہے ۔
قانون نافذکرنے والے اداروں کے مابین بہترین انٹیلی جنس شےئرنگ اور مشترکہ کاروائیوں کے نتیجے میں قانون شکنوں اور ملک دشمنوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے۔
ایف سی بلوچستان کو تین کمانڈنگ ایریا ز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ شرپسندوں اور امن دشمنوں کے ناپاک عزائم کو مؤثر طریقے سے ناکام بنایا جاسکے وہ ہفتے کے روز صنعتی شہر حب آمد کے بعد لیڈا ریسٹ ہاؤس میں صنعتکاروں کیساتھ منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں اظہار خیال کررہے تھے ۔
لسبیلہ چیمبر آف کامرس کے وفد کی جانب سے آئی جی ایف سی کو بتایا گیا کہ لسبیلہ بلوچستان کا واحد ضلع ہے جہاں صنعتکار پرامن ماحول میں صنعتی ترقی کے لئے حکومت بلوچستان کی پالیسی سے مستفید ہورہے ہیں وہ سالانہ وفاقی حکومت کوسواایک ارب روپے کا ٹیکس ریونیو اداکررہے ہیں اور علاقے کی فلاح وبہبود کے کاموں میں اپنی ذمہ داری سے غافل نہیں ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کی جانب سے آئی جی ایف سی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لسبیلہ میں تمام قانون نافذکرنے والے ادارے امن وامان کے حوالے سے ایک پیج پر ہیں ایس ایس پی لسبیلہ ضیاء مندوخیل کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں پولیس اور ایف سی کے درمیان کوآرڈینیشن اور امن دشمنوں کے خلاف کئے گئے مشترکہ کاروائیوں کی تفصیلات سے بھی انھیں آگاہ کیا گیا ۔
آئی جی ایف سی نے امن اوامان کے قیام کے حوالے سے ایس ایس پی لسبیلہ ضیا ء مندوخیل کے متحرکانہ کردار کو بھی سراہا ، اقلیتی برادری کے نمائندہ وفد نے بھی آئی جی ایف سی ساؤتھ سے ملاقات کی ،، آئی جی ایف سی کے دورہ لسبیلہ کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے سرکاری اور پرائیویٹ میڈیا کو بے خبر رکھنے کی روایت برقرار رکھی گئی ۔
لسبیلہ میں امن کی صورتحال بہتر اور ملک دشمنوں کے گرد گھیراتنگ کردیا گیا ہے، آئی جی ایف سی
وقتِ اشاعت : June 4 – 2017