کوئٹہ: کوئٹہ میں ماہ مقدس میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں تیزی آگئی۔ اسپنی روڈ پر ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے بھائی بہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اتوار کی شام کو کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر گوبھی میدانی کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل سوار مرد اور خاتون کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔ دونوں افراد ہزارہ ٹاؤن سے مری آباد کی طرف جارہے تھے ۔ اندھا دھند فائرنگ سے دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ لاشیں سول اسپتال کوئٹہ پہنچائی گئیں جہاں مقتولین کی شناخت ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ کے رہائشی ستائیس سالہ شکیل ولد محمد اسماعیل ہزارہ اور اس کی بہن بی بی ہوا کے نام سے ہوئیں۔
ڈاکٹر کے مطابق مقتول شکیل کو سر اور گردن پر تین گولیاں جبکہ خاتون کو ایک گولی سر پر ماری گئی۔ لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ولی عصر امام بارگاہ میں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے ۔
کوئٹہ ،اسپینی روڈ پر فائرنگ ہزارہ قبیلے کے 2 افرادقتل
وقتِ اشاعت : June 4 – 2017