سبی: سبی میں بڑھتے ہوئے عوامی مسائل ،بجلی کی لوڈ شیڈنگ ،پانی کی عدم دستیابی اور ترقیاتی اسکیمات میں مبینہ کرپشن کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس و قبائلی عمائدین کا جرگہ منعقدکیا گیا ۔
آل پارٹیزکانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی،عوامی نیشنل پارٹی ،پشتونخوا میپ،جماعت اسلامی،جمعیت علماء اسلام ،پاکستان تحریک انصاف،جاموٹ قومی موومنٹ سمیت ٹریڈ یونینز ،سبی بار ایسوسی ایشن،انجمن تاجران ،ہندو پنچائیت اور قبائلی عمائدین و معتبرین نے شرکت کی۔
آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی نے کہا کہ بد قسمتی کے ساتھ ہمارئے ملک میں کرپشن میں ملوث وزیراعظم ہے جنہوں نے کرپشن کی یونیورسٹی کھول رکھی اور نچلی سطح پر ہر کسی کو کرپشن کا عادی بنارہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارئے اختیارات دوسروں کے ہاتھ میں ہیں جس کی وجہ سے اہم مسائل سے درپیش ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن انتہائی چالاک جو موقع دیکھ کر ہماری صفوں میں گھس جاتا ہے۔
جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق ضلعی صدر سردار محمد صادق دہپال،ڈویژنل جنرل سیکرٹری سردار زادہ زرک خان نودھانی،عوامی نیشنل پارٹی کے صدر مجتبیٰ خجک،جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مظفر نذر ابڑو،جمعیت علماء اسلام کے ضلعی سرپرست اعلیٰ مولانا خدابخش رند،پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اللہ ڈنہ خجک،جاموٹ قومی موومنٹ کے ضلعی صدر غلام حسین ابڑو،بلوچستان متحدہ محا ذ کے رہنماء اقبال چاچڑ،انجمن تاجران سبی کے چیئر مین میر امداد باروزئی،ایگری کلچرل ایمپلائز یونین کے صدر انور دہپال،قبائلی عمائدین ملک احمد خان خجک،اورنگ زیب خجک نے خطاب کیا ۔
انہوں نے کہا کہ سبی کے عوام جدید دور میں بنیادی سہولیات پینے کے صاف پانی سمیت صحت و تعلیم کی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور بوسیدہ ٹرانسفامرز نے عوام کی جینا دوبھر کردیا ہے جبکہ کمشنر سبی دویژن اور ڈپٹی کمشنر بنی بنائی سڑکوں کی تعمیر میں کروڑوں روپے کے فنڈز بے دریغ استعمال کرکے انہیں ضائع کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مفاد عامہ کی خاطر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر سبی کے لیے50کروڑروپے کے فنڈز فراہم کیئے ہیں لیکن انتظامیہ فنڈز کو اپنی مرضی کے مطابق ایسی اسکیمات پر خرچ کررہی ہے جس سے عوام کو کوئی استعفادہ حاصل نہیں ہوگا ۔
اسکیمات کی تیاری میں انتظامیہ نے عوامی نمائندو ں کو اعتماد میں نہ لے کر مبینہ کرپشن کی عکاسی کی ہے انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سبی میں جاری ترقیاتی اسکیمات میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کراکر ایسی اسکیمات مرتب دی جائیں جن سے عوام براہ راست استعفادہ حاصل کرسکیں۔
سبی میں بڑھتے مسائل کیخلاف آل پارٹیز اور قبائلی عمائدین کاجرگہ
وقتِ اشاعت : June 5 – 2017