کوئٹہ: پاک فوج نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گزشتہ ہفتے ہونیوالے آپریشن کی مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن کے ذریعے عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کا انفراسٹرکچر بنانے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
مولانا عبدالغفور حیدری پر حملے میں ملوث ملزمان اور دو خودکش حملہ آوروں سمیت بارہ دہشتگرد مارے گئے۔ بھاری مقدار میں اسلحہ گولہ و بارود برآمد کرکے بم بنانے والی فیکٹری تباہ کردی گئی۔ پاک فوج کے ترجمان کے مطابق ’’ایکشن ایبل انٹیلی جنس‘‘ کی بنیاد پر سیکورٹی فورسز نے صوبائی دار الحکومت کوئٹہ سے تقریبا چھتیس کلومیٹر دور جنوب مشرق میں مستونگ کے علاقے اسپلنجی کے کوہ سیاہ اور کوہ ماران کے پہاڑی سلسلے میں یکم جون سے آپریشن شروع کیا ۔
سیکورٹی فورسز کے پاس کالعدم مذہبی تنظیم لشکر جھنگوی العالمی کے دس سے پندرہ دہشتگرد وں کی ایک غار میں موجودگی کی اطلاعات تھیں ۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق مذکورہ کالعدم تنظیم داعش سے رابطوں کی کوشش کررہی تھی اور بلوچستان میں داعش کو قدم جمانے اور اس کے ٹھکانوں کے لیے سہولت فراہم کرنا چاہتی تھی۔
دس کلومیٹر رقبے پر پھیلے علاقے کی فزیکل کلیئرنس کیلئے آپریشن کا آغاز ہیلی کاپٹر سے اہلکاروں کو اتارنے کے ذریعے کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق غار میں چھپے دہشتگردوں نے سخت مزاحمت کی۔ آپریشن والے علاقے میں دو سو پچاس میٹر طویل کھائی اور دشوار گزار غاروں نے کلیئرنس آپریشن کو مشکل اور چیلنجنگ بنایا تاہم انٹیلی جنس اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے بہادری سے آگے بڑھتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کا تباہ کردیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں بارہ انتہائی خطرناک دہشتگرد مارے گئے جن میں دو خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو افسران سمیت فورسز کے 5 اہلکار زخمی ہوئے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری پر خودکش حملے کیلئے بمبار بھی دہشتگردوں کے اسی پناہ گاہ سے بجھوایا گیا تھا۔
بارہ مئی کو ہونے والے حملے میں اٹھائیس شہری جاں بحق ہوئے تھے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق تین جون تک آپریشن مکمل کرکے غاروں سے بم بنانے والے آلات، اسلحہ و گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے جس میں 50 کلوگرام بارودی مواد،3 خودکش جیکٹس،18 گرنیڈ اور 6 راکٹ لانچر شامل ہیں۔
چار لائٹ مشین گن، اٹھارہ کلاشنکوف، چار سنائپر رائفلیں، بڑی تعداد میں ایمونیشن کے علاوہ 38سیٹلائٹ اور وائرلیس سیٹ بھی برآمد کئے گئے۔ پاک فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کامیاب آپریشن کے باعث داعش کا بلوچستان میں انفرااسٹرکچر قائم کرنے سے پہلے تباہ کردیا گیا ہے۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کامیاب آپریشن پر سدرن کمانڈ، خفیہ اداروں اور سیکیورٹی اداروں اور آپریشن میں حصہ لینے والے دستوں کو مبارکباد دی ہے۔