|

وقتِ اشاعت :   June 9 – 2017

کوئٹہ : اندرون بلوچستان مختلف واقعات میں لیویز اہلکار سمیت 3افراد جاں بحق ، پنجگور میں سیکورٹی فورسز پر ریمورٹ بم حملہ جبکہ ژوب سے شروع آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد، پنجگور اور جھل مگسی سے 27کے قریب ملزمان اور مشتبہ افراد گرفتار کر لیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک لیویز اہلکار شہید جبکہ دو مطلوب ملزمان مارے گئے۔ 20ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر جھل مگسی کیپٹن ریٹائرڈ وسیم احمد نے لیویز فورس کے ہمراہ جرائم پیشہ عناصر اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری کیلئے جھل مگسی کے علاقے گوٹھ سارنگانی میں سرچ آپریشن کیا۔

اس دوران ملزمان اور لیویز اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک مطلوب ملزم قمر ولد درگئی خان سارنگانی ہلاک جبکہ ایک مطلوب ملزم جنگی خان شدید زخمی ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں لیویز دفعدار محمد رمضان بھی زخمی ہوا ۔ دونوں زخمی بعد ازاں دم توڑ گئے۔

ڈپٹی کمشنر جھل مگسی کے مطابق لیویز سپاہی کو سینے پرگولیاں لگنے سے شدید زخم آئے تھے انہیں رورل ہیلتھ سینٹر جھل مگسی منتقل منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ جبکہ جوابی کارروائی میں دو ملزمان قمر سارنگانی اور جنگی خان مارے گئے ۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق قمر سارنگانی پولیس اہلکار کے قتل کے جرم میں 14سال قید کی سزا کاٹ کر حال ہی میں رہا ہوا تھا جبکہ ملزم جنگی خان بھی قتل کے مقدمات میں لیویز اور پولیس کو مطلوب تھا۔کارروائی کے دوران بیس دیگر مطلوب ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔

آپریشن کے دوران لیویز نے ملزمان کے ٹھکانوں کو بھی مسمار اور جلا کر تباہ کردیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ محمد رمضان لیویز کے انتہائی بہادر سپاہی تھے وہ اس سے قبل بھی دو مرتبہ جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوئے تھے،پنجگور کے علاقے میں نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو بم دھماکے سے اڑانے کی کوشش کے دوران گاڑیوں میں سوار تمام اہلکار معجزانہ طو رپر محفوظ رہے تاہم گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔

یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز سیکورٹی فورسز کی دو گاڑیاں پنجگور سے سوراب ہیڈ کوارٹر کی جانب جا رہی تھی کہ راستے میں کلی تسپ کے قریب نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے تخریب کاری کے لئے سڑک کے کنارے آئی ای ڈی ریمورٹ کنٹرول بم نصب کیا گیا تھا گاڑیاں جب موقع پر پہنچی تو بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا تا ہم گاڑیوں میں سوار تمام اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے ۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور پولیس سمیت بم ڈسپوزل اسکواڈکا عملہ موقع پر پہنچ گیا علاقے کو گھیرے میں لے کر کا رروائی شروع کر دی ،کارروائی میں سات مشتبہ افراد بھی گرفتار کر لئے گئے ،ژوب میں فرنٹیئر کور کے عملے نے آپریشن ردالفساد کے دوران بر ساتی نالے میں چھاپہ مارکر بھاری مقدار میں راکٹ لانچر اور ہزاروں کی تعداد میں راؤنڈز برآمد کر لئے ۔

یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز فرنٹیئر کور کے عملے نے ملک بھر میں جاری آپریشن رد الفساد کے دوران بلوچستان کے علاقے ژوب میں میر علی خیل کے مقام پر بر ساتی نا لے میں چھاپہ مارکر زیر زمین چھپائے گئے 6 راکٹ لانچر کے گولے اور2000 ایس ایم جی کے راؤنڈ برآمد کر کے قبضے میں لے کر کا رروائی شروع کر دی تا ہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی مزید کا رروائی فرنٹیئر کور کا عملہ کر رہا ہے۔