|

وقتِ اشاعت :   June 11 – 2017

کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے رہنما سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور عوامی پزیرائی کے باعث بعض عناصر کی جانب سے پارٹی میں لسانی بنیادوں پر تقسیم کی سازشیں کی جارہی تھیں تاہم چئیرمین عمران خان نے ایسی تمام سازشوں کو مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے خلاف سازشوں میں ملوث عناصر کی حوصلہ شکنی اور بیخ کنی کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی میں لسانی بنیادوں پر سیاست کی کوئی گنجائش نہیں بلوچ پشتونوں سمیت بلوچستان میں بسنے والے تمام قبائل و طبقات کے آئینی سیاسی و سماجی حقوق کے تحفظ اور کرپشن فری سوسائٹی کے قیام کے لئے ہماری جدوجہد ہر طرح کے لسانی تعصب سے پاک ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی بلوچستان کی سینئر قیادت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں نوابزادہ محمد شریف جوگیزئی سردار خادم حسین وردگ میر محمد اسماعیل لہڑی چوہدری شبیر احمد بسم اللہ آغا اور دیگر رہنما شامل تھے ۔

سردار رند نے کہا کہ پی ٹی آئی ہر طرح کے تعصب سے پاک ملک کے با شعور طبقے کی جماعت ہے جو بد عنوانی سے پاک ایک ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتی ہے جہاں ہر غریب امیر کو بلا امتیاز یکساں آئینی قانونی سماجی تحفظ حاصل ہو گی ۔

سردار رند نے کہا کہ بلوچستان کے ساحل و وسائل اور تمام طبقات کے تحفظ کے لئے پی ٹی آئی جامع ویژن رکھتی ہے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران بلوچستان کے اربوں روپے لیپس ہوئے دوسری جانب اصلاحات کے دعوں کے باوجود بلوچستان کے عوام کی اکثریت تعلیم و صحت سمیت بنیادی سہولیات سے یکسر محروم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ترقی تو اپنی جگہ بلوچستان کے ساٹھ فیصد سے زائد علاقے بنیادی انفرا اسٹرکچر سے محروم ہیں انہوں نیکہا کہ بلوچستان کے نئے مالی سال کے بجٹ سے کوئی مثبت امیدیں وابستہ نہیں بلوچستان کا حالیہ بجٹ بھی ماضی کی طرح حسب ضرورت بجٹ ہوگا یہ مخصوص لوگوں کی ضروریات پوری کرنے کا بجٹ ہوگا ۔

سردار یار محمد رند نے کہا کہ بلوچستان میں پی ٹی آئی عوامی امنگوں کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے اور انتخابات کے سمٹتے وقت میں بہت سے اچھے چہرے پی ٹی آئی کا حصہ بننے جارہے ہیں عوام جلد خوشخبری پر خوشخبری سنیں گے ۔

انہوں نیکہا کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت سے خائف بعض عناصر اندرون جماعت اختلافات اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کی باتیں پھیلا کر کارکنوں میں بے چینی پھیلانا چاہتے ہیں لیکن ایسی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی اور تعصب پرمبنی نفرتیں پھیلانے والے عناصر کا بھر پور محاسبہ کیا جائے گا چاہے ان کا تعلق اندر سے ہو یا باہر سے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد بلوچستان کا سیاسی دنگل پوری آب و تاب سے سجے گا ریفری کا کردار عوام ادا کریں گے کارکن دنگل کی تیاری مکمل رکھیں جے آئی ٹی کو دھمکیاں حکومت کی بوکھلاہٹ کا مظہر ہیں اور بجٹ کے بعد اور جے آئی ٹی کی حتمی رپورٹ سے قبل کسی بھی وقت حکومت کا تابوت دفن ہونے کے لئے اٹھ جائے گا۔