|

وقتِ اشاعت :   June 12 – 2017

کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر اسحاق بلوچ ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات جان محمد بلیدی ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء حاجی سمیع بلوچ ،میر جمعہ خان کبدانی ،چیئرمین ضلع کونسل خاران میر صغیر احمد بادینی ودیگر نے صوبائی حکومت اور عدلیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ خاران میں نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر پر ایکسئن بی اینڈ آر اور ٹھیکیدار کے گارڈز کی جانب سے حملے اور تشددکا نوٹس لیتے ہوئے جونیئر ایکسئن کو معطل کرکے ان سمیت ٹھیکیدار کے خلاف تحقیقات کرائیں بصورت دیگر سیاسی جماعتیں اور بلدیاتی نمائندے چھین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

اتوار کے روز کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہناتھاکہ ایکسئن بی اینڈ آر شہاب مگسی جونیئر ہونے کے باوجود بھی گزشتہ 8سال سے دو سینئر آفیسران کی پوسٹوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں بلکہ اب تو وہ خود کو ملازم کی بجائے حاکم سمجھنے لگ گیاہے جو بھی شخص ان کے پاس کسی مسئلے کے سلسلے میں شکایت کرتاہے تو وہ اس سے انتہائی غیر اخلاقی سے پیش آتے ہوئے کارسرکار میں مداخلت کے مقدمے کی اندراج کی دھمکی دیکر دفتر سے نکال باہر کرتاہے۔

،گزشتہ دنوں ان کے پاس نیشنل پارٹی خاران کے ضلعی صدر میر ولی خان کبدانی گئے تو ایکسئن بی اینڈ آر شہاب مگسی اور ٹھیکیدار لطیف نے اپنے گارڈز کے ذریعے ان پر تشدد کیا جس سے وہ زخمی ہوگئے انہوں نے کہاکہ عوامی مسائل کے متعلق شکایات جائز ہو یا ناجائز اسے سننا چیف سیکرٹری سے لیکر ہر آفیسر کا اخلاقی فرض ہے ۔

شکایات لانے والوں پر تشدد کی کسی کو اجازت نہیں چاہئے وہ عدلیہ سے ہو یا پھر انتظامیہ یا پھر کسی اور شعبے سے ،انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کے دور حکومت میں آفیسران کو اس طرح کے غیر اخلاقی افعال کی کوئی اجازت نہ تھی جو کوئی غیر اخلاقی کامظاہرہ یا کسی کے ساتھ ناانصافی کرتا اس کے خلاف فوراََ ایکشن لیا جاتا ۔