|

وقتِ اشاعت :   June 12 – 2017

خضدار :  بجلی کی بندش طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ،ایکسین کیسکو کی جانب سے زمینداروں کو حراساں کرنے اور کیسکو عملہ کی جانب سے زرعی ٹیوب ویل مالکان سے مبینہ ماہانہ بھتہ مانگنے کے خلاف زمینداروں نے باغبانہ کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے روڈ بلاک کر دی۔

قومی شاہراہ بلاک ہونے کی وجہ سے ٹریفک معطل گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں مسافروں روزہ داروں کو شدید پریشانی و مشکلات کا سامنا ،زمینداروں اور کمشنر قلات ڈویژن کے درمیان مزاکرات کے بعد قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے بحال کر دی گئی ۔

آج کیسکو اور زمینداروں کے مشترکہ اجلاس طلب کیسکو نے زمینداروں کا معاشی قتل کرنے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی اگر ہمارے مسائل اب بھی حل نہیں ہوئے تو ہم دوبارہ قومی شاہراہ بلاک کر دئینگے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کیسکو میں موجود مافیا کے خلاف کاروائی کریں مشتعل زمینداروں کی بات چیت تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز زمیندار وں نے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ،ایکسین کیسکو کی جانب سے مبینہ طور پر زمینداروں کو حراساں کرنے اور کیسکو عملہ کی جانب سے مبینہ طور پرزرعی ٹیوب ویل مالکان سے ماہانہ بھتہ مانگنے کے خلاف زمیندار ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام زمینداروں نے الصبح باغبانہ کے مقام پر قومی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے قومی شاہراہ سے ہر قسم کے ٹریفک کو معطل کر دیا۔

قومی شاہراہ بلاک ہونے کی وجہ سے شاہراہ کی دونوں جانب گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں شدید گرمی اور روزے کی وجہ سے عام مسافروں خصوصاً خواتین و بچوں کو شدید پریشانی و مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اس موقع پر مشتعل زمینداروں نے صحافیوں کو بتایا کہ سب تحصیل باغبانہ سمیت ضلع کے دیہی علاقوں میںیومیہ اٹھارہ سے بیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے باغبانہ کے متعدد فیڈروں کو تو ہفتے میں چند گھنٹے بجلی مہیاء کی جاتی ہے حالانکہ ہم ماہانہ بنیاد پراپنے بل جمع کرتے آ رہے ہیں جو زمیندار بل ادا نہیں کرتا اس کے خلاف ضرور کاروائی ہونی چائیے ۔

پورے فیڈر کو بند کر کے زمینداروں اور عام صارفین کو پریشانی سے دو چار کرنا یا ان کی معاشی قتل کرنا کہاں کا انصاف زمینداروں کا کہنا تھا کہ طویل لوڈ شیڈنگ تو اپنی جگہ ایکسین کیسکو کی جانب سے بھی ہمیں حراساں کرنے کی کوششیں ہمیشہ سے ہوتی رہی ہے انہوں نے الزام لگایاکہ کیسکو کے بعض اہلکار ہم سے فی ٹیوب ویل ماہانہ پانچ ہزار روپے کے بھتے کا تقاضا کرتے ہیں ۔

مشتعل زمینداروں کا کہنا تھا کہ جب ہماری فصلیں تیار ہوتی ہیں تب جا کر کیسکو والے علاقے میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کر کے ہماری کھڑی فصلوں کو تباہ کر کے ہمیں نا قابل یقین معاشی نقصان پہنچانا شروع کردیتے ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ یہ سب کچھ ہمارے خلاف کسیکو کی سازشوں کا حصہ ہے ہمیں کیسکو ہی کی جانب سے ہمیں مجبور کیا گیا کہ ہم قومی شاہراہ پر آئیں عوامی مطالبے پر زمیندار ایکشن کمیٹی اور کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی کے درمیان مزاکرات ہوئے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خضدار حاجی سہیل الرحمن بلوچ ،اسسٹنٹ کمشنر خضدار کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل بھی موجود تھے ۔

ان کی یقین دہانی پر زمینداروں نے روڈ بلاک موخر کردی گئی کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے آج کیسکو احکام اور زمینداروں کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جس میں معاملات کو دیکھ کر کوئی مناسب حل نکالا جائے گا ۔