|

وقتِ اشاعت :   June 13 – 2017

سبی: کینسر جیسے موضی مرض کا خاتمہ ناگزیر ہے،سبی کے درجنوں نوجوان کینسر کے مرض میں مبتلا ہوکر جان کی بازی ہار چکے ہیں،وفاقی و صوبائی حکومت کینسر کے بڑھتے ہوئے مرض کے خاتمہ کے لیے ہسپتال کے قیام کو یقینی بنائے۔

عالمی ادارہ صحت و دیگر ہیلتھ کی تنظیمیں سبی میں بڑھتے ہوئے کینسر کے تدارک کے لیے تحقیق کرئے،کینسر کے مرض میں مبتلاسبی کے نوجوان مزمل گشکوری کے علاج معالجہ کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں ،جلد ہی جھولی مہم کا آغاز کردیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہارسبی و گردونواح میں بڑھتے ہوئے کینسر کے موضی مرض کے خلاف آگاہی مہم کے شرکاء سے پبلک پارک میں منعقدہ تقریب سے سید بہادر شاہ بخاری،سفر ابڑو،میر لیاقت لغاری،سید نوراحمد شاہ خجک،سید اصغر شاہ،میر مظفرنذر ابڑو،راشد گشکوری،شعیب خجک،عمران ہاڑہ،نہال بگٹی،سنی راجپوت،داؤد شاہ،شہزاد بلوچ،نعیم حسنی،باقرعباس،ہمایوں خجک،شاہ زیب،منان رند،ڈاکٹر عدنان اورآصف بلوچ نے خطاب میں کیا ۔

اس موقع پر مقررین نے سبی میں بڑھتے ہوئے کینسر کے مرض پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کینسر کے موضی مرض نے سبی کے درجنوں نوجوانوں کو موت کی وادی میں دھکیل دیا اور جس سے کئی گھرانے اپنے کفالت کرنے والے سرپرستوں سے محروم ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سبی میں بڑھتے ہوئے کینسر کے مرض کی وجوہات جاننے کے لیے عالمی ادارہ صحت اور دیگر صحت پر کام کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ وہ سبی میں اس موضی مرض کے پھیلنے کی وجوہات پر تحقیقات کرکے اس مرض کا تدارک کیا جائے انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کوچاہیے کہ وہ سبی میں کینسر کے مریضوں کے مفت علاج معالجہ کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جبکہ کینسر جیسے موضی مرض کے خاتمہ کے لیے سبی میں کینسر کا ہسپتال قائم کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ سبی پاکستان کے صوبہ بلوچستان کا دورافتادہ اور پسماندہ علاقہ ہے یہاں کے غریب لوگ کینسر جیسے مہنگے مرض کا علاج کرانے سے قاصر ہیں حکومت کو چاہیے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر اس مرض کے خاتمہ کے لیے عملی طور پر ٹھوس اقدامات اٹھائے ۔

انہوں نے کہا کہ سبی کے نوجوان مزمل گشکوری جو کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں جو کہ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلاہیں جن کے غریب والدین اپنے لخت جگر کا مہنگا علاج کرانے کی سقت نہیں رکھ سکتے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کو چاہیے کہ وہ مزمل گشکوری کی زندگی کے چراغ کو گُل ہونے سے بچانے کے لئیے فوری امداد کا اعلان کریں۔

مقررین نے مزید کہا کہ مزمل گشکوری کی جان بچانے کے لیے سبی کے تمام نوجوان پُر عزم ہیں اور اس سلسلے میں جلد ہی جھولی مہم کا آغاز کیا جائے گا اور جمع ہونے والی رقم کینسر کے مرض میں مبتلا مریض مزمل گشکوری کے والدین تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بلوچستان میں کینسر کے ہسپتال کے قیام کو یقینی بنائیں۔