|

وقتِ اشاعت :   June 13 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ شہر سمیت صوبے بھر میں حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنانے بالخصوص رمضان المبارک اور عید الفطر کیلئے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آئی جی پولیس احسن محبوب سے ہونے والی ملاقات کے دوران جس میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات اور ن کی روک تھام کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی جانب سے تیار کی گئی حکمت عملی اور اب تک کی پیشرفت پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنے اپنے تھانہ کی حدود میں امن وامان برقراررکھنا علاقہ ایس ایچ او کی ذمہ داری ہے تاہم متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس پی بھی اس ذمہ داری میں برابر کے شریک ہیں۔

لہذا تمام متعلقہ پولیس افسران مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرکے دہشتگردی کے واقعات پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ ان کاروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی کریں تھانوں کی سطح پر اطلاعات کے حصول کا نظام فعال بنایا جائے۔

مقامی معتبرین بلدیاتی نمائندگان علماء کرام اور عوام کو بھی اعتماد میں لیتے ہوئے ان کا تعاون حاصل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک علاقے کے لوگوں میں یہ تاثر اجاگر نہیں کیا جاتا کہ ان کے اردگرد رہنے والے مشکوک افراد نہ صرف دوسروں بلکہ ان کے اپنے لئے بھی خطرے کا باعث بن سکتے ہیں تب تک مطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہوسکتے ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے بالخصوص عوام الناس سے ذاتی طور پر امن کے قیام اور دہشتگردی کے خلاف کاروائی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ دہشتگرداور شرپسند عناصر معاشرے کا ناسور ہیں جو بے گناہ افراد کا خون بہاکر بدامنی کی فضاء قائم کرنا چاہتے ہیں ان عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہر شہری کی قومی ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کا تحفظ کررہے ہیں جو ہمارے لئے فخر کا باعث ہے۔

وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس کو شہر میں تعینات ایف سی کے ساتھ مل کر شہر میں حفاظتی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیکر مزید سخت بنانے، سیکورٹی اہلکاروں کی نفری اور گشت میں اضافے شہر کی آمدورفت کے روایتی راستوں کے ساتھ ساتھ غیر روایتی راستوں پر آمدورفت کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔