|

وقتِ اشاعت :   June 14 – 2017

 کراچی : چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ذکاء اللہ نے سری لنکن صدر، وزیر مملکت برائے دفاع اور سیکریٹری دفاع سے ملاقاتیں کیں، خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ ان دنوں سری لنکا کے سرکاری دورے پر ہیں،اپنی آج کی مصروفیات میں انہوں نے ڈیموکریٹک سوشلسٹ ری پبلک آف سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا،وزیرِاعظم رانیل وکرم سنگھے، وزیر مملکت برائے دفاع دنیدرا روان وجے وردنے اور سیکرٹری برائے وزارت دفاع سے الگ الگ ملاقات کی۔


سری لنکن صدر اور وزیرِاعظم سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ ایڈمرل ذکاء اللہ نے حکومت پاکستان کی پالیسی کے عین مطابق اوربین الاقوامی برادری کے اشتراک سے بحر ہند میں امن اور سیکیورٹی کے فروغ کے لئے پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔

نیول چیف نے یہ بات بھی واضح کی کہ پاکستان سری لنکن افواج سے تربیت، تکنیکی افرادی قوت اور تکنیکی مہارت کے شعبوں میں ہر ممکن تعاون کرتا رہے گا۔

سری لنکن سربراہان نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے فروغ میں پاک بحریہ کی انتھک کاوشوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے مابین تاریخی روابط کے ساتھ ساتھ ٹریننگ،باہمی دوروں، پورٹ کالز اور مشترکہ مشقوں میں دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مستقبل مین دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور دفاعی اشتراک میں مزید اضافہ ہو گا۔

سری لنکن اعلیٰ حکام نے حالیہ تباہ کن سیلاب کے دوران پاک بحریہ کی جانب سے امداد اور تعاون کو بھی سراہا اور پاک بحریہ اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔