|

وقتِ اشاعت :   June 14 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ہمارا سرمایہ ہے اس کی حفاظت اور نشوونما ہماری اولین ذمہ داری ہے ایک پر امن اور پڑھے لکھے بلوچستان کے خواب کی تعمیر ہماری نوجوان نسل کی بہترین تعلیم و تربیت کے ذریعہ ہی ممکن ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میٹرک کے امتحان میں بلوچستان بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے دکی سے تعلق رکھنے والے بلوچستان ریذیڈیشنل کالج کے طالب علم نجیب اللہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے یہاں ان سے خصوصی ملاقات کی ۔

مشیر معدنیات سردار در محمد ناصر دیگر صوبائی وزراء اور وزیراعلیٰ کے صاحبزادے نوابزادہ میر امیر حمزہ زہری جنہوں نے حال ہی میں ایک بین الاقوامی تعلیمی ادارے سے اپنی گریجویشن مکمل کی ہے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ نے طالب علم نجیب اللہ اور میٹرک کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے صوبے کے تمام طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوےء میٹرک کے مجموعی طور پر شاندار نتائج پر اساتذہ اور بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ تعلیم کی ترقی اور معیار تعلیم کی بہتری کیلئے نقل کی حوصلہ شکنی سمیت دیگر اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور باصلاحیت اور محنتی طلباء کے اعتماد میں اضافہ ہورہاہے ۔

ا نہوں نے کہا کہ حکومت ہونہار طلباء کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے مواقعوں کے حصول کیلئے بلوچستان یجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا قیام ایک اہم پیشرفت ہے جس کی سیڈمنی میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 8ارب روپے کردیاگیا ہے اسی طرح باصلاحیت طلباء کو لیپ ٹاپ بھی فراہم کئے جائیں گے جس کیلئے50کروڑ روپے کے خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کے ہاتھ میں بندوق کی بجائے قلم دیکرترقی کی منازل طے کریں گے کیونکہ تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جس پر چل کر قومیں خود انحصاری اور عزت ووقارحاصل کرتی ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ اب ہمارے نوجوان پہاڑوں پر جانے کی بجائے سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں جارہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ہمارے پڑھے لکھے نوجوان پالیسی ساز اداروں میں اعلیٰ مقام حاصل کرکے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی اور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے ۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ اب ہم اپنے نوجوانوں کو ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال نہیں ہونے دیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے نجیب اللہ کو ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا۔